اقوام متحدہ میں انقرہ کے مستقل مندوب نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ترکیہ نے بحیرہ اسود میں تجارتی جہازوں کی محفوظ آمد و رفت کی ضمانت دینے اور غذائی و زرعی سامان کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے ایک مؤثر بحری طریقہ کار پر کام شروع کر دیا ہے،
احمد یلدز نے پیر کے روز یوکرین کے اہم توانائی کے بنیادی ڈھانچے اور بحری سپلائی کوریڈورز کے حوالے سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی ایک بریفنگ کو بتایا کہ ہم اب ایک ایسے مؤثر طریقہ کار کو تیار کرنے پر کام کر رہے ہیں جس کا مقصد بحیرہ اسود میں تجارتی جہازوں کے لیے نیویگیشن کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے، تاکہ غذائی اور زرعی مصنوعات کا بلاتعطل بہاؤ برقرار رہے۔"
انہوں نے مزید کہاکہ بحیرہ اسود اناج اقدام کے تجربے کی بنیاد پر ہمارا ماننا ہے کہ ایسا طریقہ کار سب کے مفاد میں ہو گا، اور خاص طور پر ان ممالک کے لیے جو ان سپلائیز پر سب سے زیادہ انحصار کرتے ہیں۔"
اصل بحیرہ اسود اناج اقدام پر 22 جولائی 2022 کو استنبول میں روس، یوکرین اور ترکیہ نے دستخط کیے تھے، جس میں اقوام متحدہ نے سہولت کار کا کردار ادا کیا تھا۔ اس معاہدے نے نامزد یوکرینی بندرگاہوں سے ایک محفوظ انسانی بحری کوریڈور قائم کیا، جس سے جنگ کی وجہ سے متاثر ہونے والے اہم اناج، اشیائے خوردونوش اور کھاد کی برآمدات بحال ہوئیں۔
اس بات کو یاد دلاتے ہوئے کہ اس معاہدے نے بحری اثرات کو روکنے میں مدد کی، یلدز نے اس بات پر زور دیا کہ ترکیہ آبی گزرگاہ میں پائیدار استحکام حاصل کرنے کے لیے اپنی جغرافیائی سیاسی پوزیشن، مواصلات کے کھلے ذرائع اور سفارتی ثالثی کے تجربے کو بروئے کار لائے گا۔
انہوں نے علاقائی کشیدگی کو روکنے کے لیے انقرہ کے ابتدائی اقدامات کو اجاگر کیا، جس میں مونٹرو کنونشن کے آرٹیکل 19 کا حوالہ دیا گیا، جو ترکیہ کو مسلح تصادم کے دوران متحارب جنگی جہازوں کے لیے ترک آبنائے بند کرنے کا اختیار دیتا ہے۔
یلدز نے تصدیق کی کہ انقرہ نے اس معاہدے پر دیانتداری اور غیر جانبداری سے عمل درآمد کیا ہے اور ایسا کرنا جاری رکھے گا۔
یلدز نے مائن کاؤنٹر میژرز بلیک سی ٹاسک گروپ کا حوالہ دیا، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ علاقائی تعاون ٹھوس نتائج فراہم کرتا ہے۔
یوکرین کی آزادی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے انقرہ کی پختہ حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے یلدز نے کہا کہ مذاکرات کے ذریعے طے پانے والا معاہدہ ہی آگے بڑھنے کا واحد قابل عمل راستہ ہے۔













