ترک حکام کے مطابق ، صدر رجب طیب ایردوان اور امریکی ہم منصب ڈونلڈ ٹرمپ نے دوطرفہ تعلقات اور علاقائی و عالمی مسائل پر تبادلہ خیال کے لیے ٹیلی فون پر رابطہ کیا۔
ترکیہ محکمہ اطلاعات کے ایک بیان کے مطابق، دونوں رہنماؤں نے ترکیہ اور امریکہ کے باہمی تعلقات، دفاعی صنعت میں تعاون اور خاص طور پر وینزویلا اور غزہ سمیت علاقائی و عالمی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا ۔
اس سے قبل ایردوان نے کہا تھا کہ انہوں نے اس بات چیت کے دوران انقرہ کے ونیز ویلا سے متعلق خدشات کو زیرِ لب لایا ہے۔
صدر ایردوان نے کابینہ کے اجلاس کے بعد کہا کہ “امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ فون پر گفتگو میں ہم نے ترکیہ کی حساسیت کے حوالے سے آگاہی کرائی ہے۔ ہم نے اس بات پر زور دیا ہےکہ وینزویلا کو عدم استحکام میں دھکیلا نہیں جانا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ترکیہ ونیزویلا کے عوام کی حمایت جاری رکھے گا۔"ترکیہ اور ترک قوم وینزویلا کے دوست عوام کے ساتھ ان کی خوشحالی، امن و ترقی کے حصول کی کوششوں میں شانہ بشانہ ہے۔"
وائٹ ہاؤس کی جانب سے اس موضوع کی تفصیلات کے بارے میں فوری طور پر کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں ہوا۔














