ترکیہ: آفات کی تفہیم کا ملک گیر اطفال تربیتی پروگرام شروع ہو گیا
اس قومی پروگرام کا مقصد 4 سے 8 سالہ بچوں کو کھیل، گانوں اور دیگر فنونِ لطیفہ کی مدد سے موسمی اور قدرتی آفات سے متعلقہ خطرات سے آگاہ کرنا ہے
ترکیہ نے، 4 سے 8 سالہ بچوں کے لیے اور موسمیاتی و قدرتی آفات سے بچاؤ کی خاطر تیار کردہ، پہلا قومی تربیتی پروگرام شروع کر دیا ہے۔
یہ پروگرام ترکیہ میں زلزلوں اور موسمیاتی خطرات کے بڑھتے ہوئے خدشات کے پیشِ نظر تیار کیا گیا ہے۔ پروگرام ترکیہ محکمہ آفت و ہنگامی حالات (AFAD) کی زیرِ صدارت اور "سیو دی چلڈرن ترکیہ" نامی امدادی تنظیم کے اشتراک سے تیار کیا گیا، 24 دسمبر کو باضابطہ طور پر متعارف کروایا گیا اور مرحلہ وار شکل میں قومی پیمانے پر شروع کر دیا گیا ہے۔
قومی وزارتِ تعلیم کے ساتھ مربوط شکل میں شروع کئے گئے اس تربیتی پروگرام کا ہدف ماحول اور آفات سے متعلقہ خطرات کے بھر پور ادراک میں بچوں کی مدد کرنا ہے۔
سیو دی چلڈرن کی ترکیہ ڈائریکٹر 'برنا قوراوعلو 'نے کہا ہے کہ ''ترکیہ میں بہت سے بچے، زلزلوں سے لے کر آگ تک اور سیلابوں سے لے کر ماحولیاتی بحرانوں تک متعدد خطرات کے درمیان پرورش پا رہے ہیں ۔ AFAD کے ساتھ مل کر کام کے دوران ہم نے بچوں کے لیے اس حقیقت کو زیادہ محفوظ اورقابلِ فہم بنانے کے جانب ایک قدم اٹھایا ہے"۔
پروگرام میں کیا کیا شامل ہے؟
پروگرام میں 16 تفاعلی تعلیمی ماڈیول شامل ہیں جو خاص طور پر 4-5 اور 6-8 سال کے عمر کے گروپوں کے لیے ڈیزائن کیے گئے ہیں۔
یہ ماڈیول، کہانیوں، گانوں اور فنونِ لطیفہ پر مبنی سرگرمیوں کے ذریعے بچوں کو سمجھاتے ہیں کہ قدرتی اور موسمی واقعات و آفات سے پہلے، ان کے دوران اور بعد میں کیا کیا جانا چاہیے۔