امریکہ کی ریاست لوزیانا کے ایک امیگریشن جج نے فلسطین کے حامی کارکن محمود خلیل، جو امریکہ کے قانونی مستقل رہائشی ہیں، کو شام یا الجزائر ڈی پورٹ کرنے کا حکم دیا ہے۔
عدالتی دستاویزات کے مطابق یہ فیصلہ ان کے، گرین کارڈ درخواست میں، تفصیلات ظاہر نہ کرنے کے الزام کی وجہ سے کیا گیا ہے۔
خلیل کے وکلاء نے کہا ہے کہ وہ اس فیصلے کے خلاف اپیل کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں اور کہا ہے کہ یہ فیصلہ خلیل کی فلسطین حامی کاروائیوں کی وجہ سے ایک انتقامی قدم ہے۔
یہ ڈی پورٹیشن آرڈر 12 ستمبر کو امیگریشن جج جیمی کومانز کی طرف سے جاری کیا گیا ہے حالانکہ اس سے پہلے امریکی ڈسٹرکٹ جج مائیکل فاربیارز نے خلیل کی ملک بدری کو ان کے وفاقی کیس کے دوران روکنے کا حکم دیا تھا۔
یہ کیس اس بات پر زور دیتا ہے کہ ان کی گرفتاری اور حراست ان کی فلسطینی حمایت کے خلاف غیر قانونی انتقامی کارروائی تھی۔
خلیل، جو شام میں پیدا ہونے والے فلسطینی ہیں اور کولمبیا یونیورسٹی کے سابق گریجویٹ طالب علم ہیں، کو مارچ میں ان کے مین ہٹن کے گھر سے گرفتار کیا گیا اور ڈی پورٹیشن کی کارروائی میں شامل کیا گیا۔ ان پر کوئی جرم عائد نہیں کیا گیا۔