ایشیا
3 منٹ پڑھنے
"بارودی سرنگ کا دھماکہ "تھائی لینڈ نے امن معاہدہ معطل کر دیا
تھائی لینڈ نے اعلان کیا کہ وہ سرحد کے قریب بارودی سرنگ کے دھماکے کے بعد ہمسایہ ملک کمبوڈیا کے ساتھ امن معاہدے پر عمل درآمد معطل کر رہا ہے۔
"بارودی سرنگ کا دھماکہ "تھائی لینڈ نے امن معاہدہ معطل کر دیا
تھائی لینڈ -کمبوڈیا / Reuters
11 نومبر 2025

تھائی لینڈ نے اعلان کیا کہ وہ سرحد کے قریب بارودی سرنگ کے دھماکے کے بعد ہمسایہ ملک کمبوڈیا کے ساتھ امن معاہدے پر عمل درآمد معطل کر رہا ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی نگرانی میں ہونے والے اس معاہدے کا مقصد جولائی میں ہونے والی سرحدی جھڑپوں کے بعد دشمنی کا دیرپا خاتمہ کرنا تھا جس میں کم از کم 43 افراد ہلاک اور دونوں  جانب کے 3 لاکھ سے زیادہ شہری بے گھر ہوئے تھے۔

رائل تھائی آرمی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ صوبہ سیساکیٹ میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں ایک فوجی کی ٹانگ شدید زخمی ہوئی ہے جبکہ دھماکے کے دباؤ کی وجہ سے دوسرے کو سینے میں درد برداشت کرنا پڑا ہے

تھائی لینڈ کی حکومت کے ترجمان سری پونگ انگکاساکولکیٹ نے کہا کہ  ہم گزشتہ ماہ  طے شدہ  مشترکہ اعلامیے کی پیروی بند کر دے گے۔

تھائی لینڈ کے وزیر اعظم انوتن چارنویراکول نے ایک نیوز کانفرنس میں کہا کہ ہم سمجھتے تھے کہ سیکیورٹی کے خطرات میں کمی آئی ہے لیکن حقیقت اس کے بر عکس  ہے۔'

کمبوڈیا کے حکام نے فوری طور پر اس واقعے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ، لیکن  تھائی لینڈ کی سرحد پر نئی بارودی سرنگیں نصب کرنے کے الزامات کی تردید کی ہے۔

 کمبوڈیا کی وزارت دفاع نے پیر کے روز ایک بیان میں امن کے لئے غیر متزلزل عزم کا وعدہ کیا۔

 یاد رہے کہ تھائی لینڈ اور کمبوڈیا نے جولائی کے آخر میں ٹرمپ کے ساتھ ساتھ چینی سفارت کاروں اور ملائیشیا کے وزیر اعظم انور ابراہیم کی مداخلت کے بعد ابتدائی جنگ بندی پر اتفاق کیا تھا۔

اکتوبر میں دستخط کیے گئے نئے مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ دونوں فریق اپنی سرحد پر بارودی سرنگوں کی صفائی کی کوششوں کو منظم کریں گے، بھاری ہتھیار واپس لیں گے اور آسیان کے علاقائی بلاک کے زیر اہتمام جنگ بندی کی نگرانی کرنے والی ٹیموں تک رسائی کی اجازت دیں گے۔

تھائی لینڈ نے وعدہ کیا ہے کہ وہ کمبوڈیا کے 18 فوجیوں کو رہا کرے گا جنہیں اس نے گزشتہ چند ماہ سے قید میں رکھا ہے۔

دستخط کے بعد کمبوڈیا کی وزارت دفاع نے کہا کہ وہ تھائی لینڈ کے ساتھ اپنی سرحد سے بھاری اور تباہ کن ہتھیار واپس لے رہا ہے۔

تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان جنگ بندی عام طور پر 29 جولائی سے جاری ہے۔

 لیکن دونوں ممالک نے جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کے الزامات کا تبادلہ کیا ہے ، اور تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ تنازعہ کے مرکز میں علاقائی تنازعہ کا فیصلہ کرنے والا ایک جامع امن معاہدہ ابھی تک ناممکن ہے۔