رپولینڈ کے وزیر خارجہ راڈوسلاو سیکورسکی کا کہنا ہے کہ جب تک اس کی فوج یوکرین میں مصروف ہے روس کے پاس نیٹو پر کسی بڑے حملے کی گنجائش نہیں ۔
سرکاری نشریاتی ادارے ٹی وی پی انفو سے بات کرتے ہوئے، سیکورسکی نے اپنے گزشتہ ہفتے کے اسی انتباہ کی وضاحت کی کہ وارسا کے پاس متعدد ذرائع سے معلومات ہیں جن سے ظاہر ہوتا ہے کہ روس "اس سال کوئی بڑی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔"
ماسکو کے منصوبے کس شکل کے ہو سکتے ہیں:؟ سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا، "وہ صرف پوتن ہی جانتا ہے، لیکن ہمیں تیار رہنا چاہیے اور ہمیں ہوشیار رہنا چاہیے، تاکہ ایک اتحاد کے طور پر ہم کسی بھی اشتعال انگیزی کا فوری طور پر جواب دے سکیں۔"
انہوں نے کہا"روس کے پاس نیٹو پر بڑے حملے کے لیے فورسز نہیں ہیں، کیونکہ اس کی تمام افواج یوکرین میں جکڑی ہوئی ہیں۔"
سیکورسکی نے اشارہ کیا کہ ماسکو ممکنہ طور پر "چھوٹے پیمانے پر کچھ کر سکتا ہے جس سے اتحادیوں کے درمیان تنازعہ پیدا ہو ۔"
سیکورسکی نے مزید کہا کہ کوئی ایسا واقعہ جو یورپی اور امریکی ارکان کو اس بات پر تقسیم کر دے کہ آیا نیٹو کے آرٹیکل 5 کی مشترکہ دفاعی شق لاگو ہوتی ہے یا نہیں، کریملن کے مفاد میں ہوگا۔
" ممکن ہے کہ روس جو کچھ وہ پہلے سے کر رہا ہے اسے مزید جارحانہ انداز میں کرے۔"
گزشتہ ہفتے پولش حکام نے وقتی طور پر ہروبیژوف اور ڈوروہسک سرحدی گزرگاہیں خالی کروائیں جب شدید روسی ڈرون اور میزائل حملوں نے پولینڈ سے ملحقہ یوکرین کے مغربی علاقوں کو نشانہ بنایا۔
الگ طور پر، پولش لڑاکا طیارے ہنگامی طور پر روانہ کیے گئے اور فضائی دفاع کو چوکس کیا گیا جب ایک روسی Mi-8 ہیلی کاپٹر کالیننگراڈ سے پولش فضائی حدود میں داخل ہوا۔
مغربی حکومتوں نے ماسکو پر الزام لگایا ہے کہ وہ نیٹو اور یورپی یونین کے ممالک کے خلاف ہائبرڈ جنگ کے ایک حصے کے طور پر تباہ کاری اور فضائی حدود کی خلاف ورزیوں پر مبنی مہم چلا رہا ہے۔


















