دنیا
4 منٹ پڑھنے
بحرین: ایران نے ایک نجی صنعتی تنصیب کو نشانہ بنایا ہے
حملے میں صرف بحرین میں امریکہ کے دو پیٹریاٹ ریڈار سسٹموں کو نشانہ بنایا گیا ہے: ایران
بحرین: ایران نے ایک نجی صنعتی تنصیب کو نشانہ بنایا ہے
Iran-US-Bahrain-Crackdown / AP (Wire)
 

بحرین نے کہا ہے کہ ایران نے رواں ہفتے ملک پر تازہ حملے میں ایک نجی صنعتی تنصیب کو نشانہ بنایا ہے۔ حملے کے نتیجے میں صنعتی تنصیب میں آگ بھڑک اٹھی اور مالی نقصان ہوا ہے۔

دوسری جانب تہران حکومت نے ڈرون حملے کے  ویڈیو مناظر جاری کئے اور دعویٰ کیا ہے کہ اس حملے میں صرف بحرین میں امریکہ کے دو پیٹریاٹ ریڈار سسٹموں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

بحرین وزارتِ داخلہ نے سوشل میڈیا ایکس سے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ ’’ایران کے مذموم حملے کے نتیجے میں ایک نجی صنعتی تنصیب کو نشانہ بنایا گیا۔ حملے کے نتجے میں تنصیب میں  آگ بھڑک اٹھی۔ شہری دفاع کی ٹیمیں آگ پر قابو پانے کے لیے کاروائی کر رہی ہیں۔‘‘

وزارت نے اس صنعتی تنصیب کے مقام  کو پوشیدہ رکھتے ہوئے  کہا ہے کہ ’’ حملے سے قبل علاقے کے رہائشیوں کو ممکنہ خطرے سے خبردار بھی کیا گیا تھا۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق مالی نقصان ہوا ہے، تاہم کوئی شخص زخمی نہیں ہوا۔‘‘

خبر رساں ادارے اے ایف پی سے گفتگو کرتے ہوئے علاقے کے دو رہائشیوں نے بتایا  ہےکہ انہوں نے بحرین کے مشرقی ساحل پر واقع جزیرے 'سترہ'  کے اوپر دھوئیں کے بادل اٹھتے ہوئے دیکھے۔ اس جزیرے پر متعدد صنعتی تنصیبات موجود ہیں، جن میں سرکاری تیل کمپنی باپکو (Bapco) کے زیرِ انتظام آئل ریفائنری بھی شامل ہے۔

ایران کی پاسدارانِ انقلاب اسلامی نے اعلان کیا  ہےکہ ’’امریکہ کے غیر قانونی اقدامات کے جواب میں بحرین کے جزیرے پر واقع شیخ عیسیٰ اور الجفیر نامی دو امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔‘‘

پاسدارانِ انقلاب نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ’’جاری حملوں اور ایرانی فضائی حدود کی خلاف ورزیوں کے جواب میں چند منٹ قبل بحرین کے الرفاع اور العوالی فوجی اڈوں پر تعینات امریکی فوج کے دو پیٹریاٹ ریڈار سسٹموں کو میزائلوں اور ڈرونوں کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔‘‘

بیان کے مطابق یہ حملہ میزائلوں اور بغیر پائلٹ طیاروں کے مشترکہ آپریشن کے ذریعے کیا گیا تھا۔

ایران نے بروز ہفتہ علی الصبح یہ دعویٰ بھی کیا تھا کہ اس نے آبنائے ہرمز میں واقع جزیرے قشم کے اوپر ایک امریکی ڈرون مار گرایا ہے۔

بحرین پر ایرانی حملے

دوسری جانب امریکی سینٹرل کمانڈ (CENTCOM) نے ایران کے اس دعوے کو مسترد کر دیا ہے کہ اس نے خلیج کے اوپر ایک امریکی ایف سولہ جنگی طیارے کو میزائل سے نشانہ بنایا، جس سے طیارے کو نقصان پہنچا اور اسے ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی ہے۔

ایرانی سرکاری ذرائع ابلاغ نے دعویٰ کیا تھا کہ ملک کے فضائی دفاعی نظام نے جمعے کی شام مذکورہ جنگی طیارے کو نشانہ بنایا، جس کے بعد اسے اپنا مشن ادھورا چھوڑ کر قریبی ہوائی اڈے پر اترنا پڑا تھا۔

امریکی سینٹرل کمانڈ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ’’ایران نے کل کسی بھی صورت میں امریکی ایف سولہ جنگی طیارے پر حملہ نہیں کیا۔‘‘ کمانڈ نے مزید بتایا کہ مشرقِ وسطیٰ میں موجود امریکہ کے تمام جنگی طیارے محفوظ ہیں اور ان کی موجودہ صورتِ حال کی تصدیق کر لی گئی ہے۔

ایران نے جنگ کے دوران اس سے قبل بھی متعدد مرتبہ امریکی طیارے مار گرانے یا انہیں نقصان پہنچانے کے دعوے کیے ہیں، تاہم امریکی فوج نے ان تمام دعوؤں کو مسترد کیا ہے۔

فروری میں امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر کیے گئے حملوں کے نتیجے میں شروع ہونے والی جنگ اب پورے مشرقِ وسطیٰ میں پھیل چکی ہے۔ اس تنازعے میں اب تک ہزاروں افراد ہلاک ہو چکے ہیں، بحری نقل و حمل کا نظام متاثر ہوا ہے اور عالمی منڈی میں توانائی کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔

ستمبر سے خلیجی ممالک پر ایرانی حملوں میں آنے والے وقفے کے بعد بحرین کو رواں ماہ کئی مرتبہ دوبارہ نشانہ بنایا گیا ہے۔

بحرین امریکی بحریہ کے پانچویں بیڑے کا ہیڈکوارٹر بھی ہے۔ فروری میں امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملوں کے نتیجے میں شروع ہونے والی جنگ کے ابتدائی مرحلے میں بھی بحرین کو شدید حملوں کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

دریافت کیجیے
میں خود کو احمق محسوس کر رہا ہوں: مسک
ترکیہ کا تحقیقاتی بحری جہاز ’’اورچ رئیس‘‘ پاکستان روانہ گیا
دفاعی معاہدے کا مقصد ترکیہ اور قطر کی خودمختاری کا تحفظ کرنا ہے: ترکیہ وزارتِ دفاع
یورپی یونین کمیشن پر سائبر حملہ
ایران: ہم نے کویت میں امریکی پیٹریاٹ فضائی دفاعی نظام کو نشانہ بنایا ہے
ترکیہ: "کوپ 31 انطالیہ۔غزہ موسمیاتی راہداری" قائم کی جائے
مغربی کنارے میں غیر قانونی یہودی بستیوں کے معاملے پر آسٹریلیا کی اسرائیلی شہریوں پر پابندیاں
امریکہ کے ایران کے جزیرہ قشم پر متعدد حملے
روس:یوکرین نے ایک بار پھر کریمیا پل کو نشانہ بنایا ہے
امریکہ: ٹرمپ کے ایک تہائی سے زیادہ حامیوں نے ووٹ نہیں دیا
ٹرمپ، ایران کے ساتھ جنگ کو لمبا نہیں ہونے دیں گے: وینس
امریکی انٹیلی جنس کا دعویٰ: ایران واشنگٹن میں ’ڈرٹی بم‘ حملے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے
اسپین: لاکھوں کی شرکت سے ملک گیر ہڑتال
یورپی یونین کی اعلیٰ نمائندہ کایا کالاس نے روس کے مذاکراتی مطالبات کو ’’بے معنی‘‘ قرار دے دیا
چار ممالک کا اسرائیل سے غزہ کو امداد کے حوالسے سے "فوری طور پر تاخیر ختم کرنے" کا مطالبہ