ترکیہ
5 منٹ پڑھنے
دنیا بھر سے ترکیہ کے ساتھ اظہارِ تعزیت
ہمیں، جارجیا میں ترک C-130 طیارے کے المناک حادثے پر سخت افسوس ہوا ہے۔ میں اپنے عزیز بھائی صدر رجب طیب اردوعان، شہداء کے اہل خانہ اور ترک بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ اظہارِ تعزیت کرتا ہوں: شہباز شریف
دنیا بھر سے ترکیہ کے ساتھ اظہارِ تعزیت
Rescue teams reach Turkish military cargo plane wreckage on Georgia-Azerbaijan border / AA
12 نومبر 2025

جارجیا میں ترک کارگو فوجی طیارے  کے حادثے اور طیارے میں سوار 20 فوجیوں کی شہادت پر متعدد ممالک نے  ترکیہ کی حکومت اور عوام کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

ترکیہ وزارتِ دفاع نے منگل کو جاری کردہ بیان میں  کہا ہے کہ  "ہمارا C-130 فوجی کارگو طیارہ،آذربائیجان سے وطن واپسی کے لیے روانہ ہونے سے مختصر مدّت کے بعد، جارجیا۔آذربائیجان سرحد کے قریب گر گیا ہے"۔

متعدد عالمی  رہنماؤں نے حادثے پر افسوس  کا اظہارکیا اور شہداء کے لئے تعزیتی پیغامات جاری کئے  ہیں۔

ریاستہائے متحدہ امریکہ

امریکہ  کے شام کے لیے خصوصی ایلچی اور ترکیہ میں سفیر ٹام بارک نے کہا ہے کہ " مجھے، ترک فوجی طیارے کو پیش آنے والے اس المناک  حادثے پر، شدید  دکھ ہوا ہے"۔ انہوں نے شہداء کے اہلِ خانہ اور ترکیہ کے عوام سے تعزیت کی اور کہا ہےکہ "امریکہ، اپنے ترک اتحادیوں کے ساتھ اتحاد و یکجہتی میں ہے"۔

قطر

قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی نے ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوعان کو تعزیتی پیغام بھیجا اور حادثے میں جانی نقصان پر اپنےافسوس کا اظہار کیا ہے۔

اردن

اردن  وزارتِ خارجہ نے ترک فوجی کارگو طیارے کے حادثے کے متاثرین کے لیے "دلی تعزیت" کا اظہار کیا۔ ترجمان فواد مجالی نے متاثرہ خاندانوں سے اظہارِ تعزیت کیا اور کہا ہے کہ ہم ترکیہ کے ساتھ اتحاد و تعاون کی حالت ہیں۔

شمالی قبرص ترکی جمہوریہ

شمالی قبرصی ترک جمہوریہ کے صدر طوفان ارحُرمان نے واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور کہا ہے کہ "ہم، اس خبر پربے حد افسرد ہ ہیں" ۔ انہوں نے متاثرہ خاندانوں اور ترکیہ کے عوام  کے لیے صبر کی دعا کی ہے۔ وزیرِ اعظم اُنال اُست ال اور وزیرِ خارجہ تحسین ارتغرل اوغلو نے بھی تعزیتی پیغامات دیے اور قبرصی  ترک  عوام کی، ترکیہ کے ساتھ، یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔

پاکستان

پاکستان کے وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ایکس سے جاری کردہ تعزیتی پیغام میں کہا ہے کہ "ہمیں، جارجیا میں ترک C-130 طیارے کے المناک حادثے پر سخت افسوس ہوا ہے۔ میں اپنے عزیز بھائی صدر رجب طیب اردوعان، شہداء کے اہل خانہ اور ترک بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ اظہارِ تعزیت کرتا ہوں۔ ان غم کے لمحات میں ہماری دعائیں اور خیالات ان کے ساتھ ہیں"۔ پاکستان وزارتِ خارجہ نے بھی جاری کردہ تعزیتی پیغام میں  کہا  ہے کہ اسلام آباد "اپنے ترک بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ مکمل یکجہتی میں ہے۔"

افغانستان

افغانستان وزارتِ خارجہ نے بھی ترک فوجی کارگو طیارے کے حادثے پر گہرے افسوس کا اظہار کیا اور کہا ہے کہ "ہم، برادر ملک  ترکیہ کی حکومت، عوام اور شہداءکے اہلِ خانہ سے تعزیت کرتے ہیں"۔

قزاقستان

قزاقستان کے صدر قاسم جومرت توقایف نے بھی صدر رجب طیب اردوعان  کو تعزیتی  پیغام ارسال کیا  اور ترک عوام اور شہداء کے اہلِ خانہ کے ساتھ  "دِلی اظہارِ تعزیت"  کیا ہے۔

نیٹو

نیٹو کے سیکریٹری جنرل مارک رُٹے نے ایکس پرجاری کردہ بیان میں  کہا ہے کہ "ہم، اپنے اتحادی ملک ترکیہ کے  فوجی طیارے کو پیش آنے والے حادثے پر اظہارِ افسوس کرتے اور حادثے میں جانیں گنوانے والوں کے لواحقین کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔ ہم، سلامتی کی یقین دہانی کے لئے ادا کردہ خدمات کی وجہ سے ، ترک مسلّح افواج اور اتحاد کے یونیفارم میں ملبوس تمام مردوں اور عورتوں  کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں "۔

اٹلی

اٹلی کے وزیرِ خارجہ انتونیو تاجانی نے بھی ترکیہ کے ساتھ اظہارِ  یکجہتی  کیا ہے۔ ایکس سے جاری کردہ بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ " ترک فوجی C-130 کارگو طیارے کو، آذربائیجان سے ترکیہ روانگی کے دوران  جارجیا میں پیش آنے والے  حادثے پر ہمیں سخت افسوس ہوا ہے"۔ انہوں نے متاثرین کے اہلِ خانہ سے تعزیت کی اور ترکی کے عوام، حکام، مسلح افواج اور حادثے کی جگہ پر کام کرنے والی امدادی ٹیموں کے ساتھ تعاون کا اظہار کیا ہے۔

ایستونیا

ایستونیا نے بھی ترکیہ کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیاہے۔ایستونیا وزارتِ خارجہ نے کہا  "ایستونیا ، جارجیا۔آذربائیجان سرحد کے نزدیک ترک فوجی کارگو طیارے کے المناک حادثے پر ترکیہ کو  مخلصانہ تعزیتی جذبات  پیش کرتا ہے۔ہمارے خیالات  اور ہمدردیاں متاثرہ  خاندانوں کے ساتھ ہیں ۔ ایستونیا اس مشکل گھڑی میں ترکیہ کے ساتھ مکمل یکجہتی میں ہے۔"

لتھوانیا

لتھوانیا وزارتِ خارجہ نے بھی  کہا ہے کہ"ہمیں جارجیا۔آذربائیجان سرحد کے نزدیک ترک فوجی کارگو طیارے کے المناک حادثے کا سُن کر بہت دکھ ہوا ہے۔ہم اس مشکل وقت میں اپنے حلیف ملک ترکیہ کے ساتھ باہمی اتحاد و یکجہتی میں ہیں اور متاثرین  کے ساتھ دِلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔"

رومانیہ

رومانیہ  وزارتِ خارجہ نے کہا ہے کہ "ہمیں، جارجیا۔آذربائیجان سرحد کے قریب ترک فوجی طیارے کے المناک حادثے پر گہرا رنج ہوا ہے۔ رومانیہ، ترکیہ اور متاثرین کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کرتا ہے ۔ ہم اس مشکل گھڑی میں اپنے ترک دوستوں کے ساتھ ہیں۔"

مالٹا

مالٹا کے وزیرِ خارجہ ایان بورگ نےبھی ایکس سے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ "میں جارجیا میں ترک طیارے کو پیش آنے والے  حادثے پر سخت  افسردہ ہوں اور حادثے میں  جانیں گنوانے  والوں کے اہلِ خانہ اور دوستوں کے ساتھ  دلی  اظہارِ تعزیت کرتا ہوں۔ ہم اس المناک نقصان پر ترک عوام  کے غم میں شریک ہیں۔"

کوسوو

کوسوو کی صدر وجوسا عثمانی نے کہا ہے کہ "ہم، فوجی طیارے کے المناک حادثے پر  صدر @RTErdogan، ترک مسلح افواج اور ترکیہ کے عوام کے ساتھ دِلی اظہارِ  تعزیت کرتے ہیں"۔

جاپان، فرانس، روس، نیدرلینڈز، یونان، جرمنی اور یوکرین  سمیت دیگر کئی ممالک نے بھی انقرہ میں اپنے سفارتی مشنوں کی وساطت سےافسوس کا اظہار کیاہے۔