برطانیہ کے وزیر اعظم اینڈی برنہم نے اعلان کیا ہے کہ عوامی ریفرنڈم کے بغیر یورپی یونین میں دوبارہ شمولیت "ناقابل تصور" ہوگی اور انہوں نے ان سابق وزرائے اعظم پر "ماضی میں پھنسے رہنے" کا الزام لگایا ہے جنہوں نے انہیں بریگزٹ کے تنازع کو دوبارہ زندہ کرنے کے خلاف خبردار کیا تھا۔
برنہم نے حالیہ ہفتوں میں اس عمومی اتفاقِ رائے کو بدل کر رکھ دیا ہے کہ بلاک سے برطانیہ کا اخراج حتمی تھا، جس سے یہ امکان پیدا ہوا ہے کہ لندن دوبارہ شامل ہونے کے لیے درخواست دینے پر غور کر سکتا ہے۔
پیر کے روز پارلیمان میں جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا وہ یہ غیر مبہم عہد کریں گے کہ ریفرنڈم کے بغیر یورپی یونین میں واپسی ناممکن ہوگی، تو برہم نے جواب دیا، "جی ہاں، یہ ناقابل تصور ہوگا۔"
ان کے یہ بیانات چار سابق کنزرویٹو وزرائے اعظم رشی سوناک، تھیریسا مے، ڈیوڈ کیمرون، اور بورس جانسن کی جانب سے مربوط مداخلت کے بعد سامنے آئے ہیں جنہوں نے لیبر لیڈر پر زور دیا تھا کہ وہ تلخ سیاسی زخموں کو دوبارہ نہ کھولیں۔
تجارتی سہولیات اور نوجوانوں کی نقل و حرکت پر گزشتہ جمعہ کو برسلز میں طے پانے والے دوطرفہ معاہدوں کا دفاع کرتے ہوئے برہم نے ارکانِ پارلیمان کو بتایا کہ جو لوگ کہتے ہیں کہ ہمیں بریگزٹ کے بارے میں بات نہیں کرنی چاہیےوہ برطانیہ کو غیر معیاری انتظامات کے ساتھ ماضی میں پھنسے رہنے کے خطرے میں ڈال رہے ہیں اس کے بجائے، ہم برطانیہ کو ایک بہتر راستے پر اور اس امید کو واپس لا رہے ہیں جو طویل عرصے سے مفقود تھی۔
وزراء کا تخمینہ ہے کہ ان معاہدوں سے برطانیہ کی معیشت میں سالانہ 22 ارب ڈالر شامل ہوں گے، جس سے اخراجات زندگی کے بوجھ میں کمی آئے گی۔
برنہم نے اصرار کیا کہ یہ معاہدے ایک بہت حقیقی امکان پیش کرتے ہیں کہ اگلی دہائی برطانیہ کے لیے بہت بہتر ہو سکتی ہے۔
برنہم نے اس بات کی تردید کی کہ قومی گفتگو کا آغاز رسمی رکنیت کا پیش خیمہ تھا اور اصرار کیا کہ پالیسی کو برطانیہ کے قومی مفاد کے لیے کام کرنا چاہیے۔
انہوں نے تصدیق کی کہ برطانوی اور یورپی مذاکرات کار طویل مدتی اختیارات کے حوالے سے "خیالات کے غیر رسمی تبادلے" کو آگے بڑھائیں گے، جس کے نتائج اگلے 12 ماہ میں ہونے والی یوکے-ای یو سربراہی کانفرنس سے پہلے سامنے آئیں گے۔
برنہم نے موجودہ پارلیمان کے دوران سنگل مارکیٹ، کسٹمز یونین، یا آزادانہ نقل و حرکت میں دوبارہ داخلے کو مسترد کر دیا۔
برطانیہ نے 2016 میں معمولی فرق سے 27 رکنی بلاک کو چھوڑنے کے حق میں ووٹ دیا تھا۔
اب بریگزٹ کے حامی عناصر یورپی یونین کے ساتھ برطانیہ کے طویل مدتی تعلقات پر ممکنہ طور پر منڈلاتی ہوئی لڑائیوں کی تیاری کے لیے خود کو دوبارہ منظم کر رہے ہیں کیونکہ برہم نے قریبی تعلقات استوار کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔


















