فلسطینی ذرائع اور اسرائیلی حکام نے تصدیق کی ہے کہ اسرائیل نے ایک فضائی حملے میں فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کی مسلح شاخ عزالدین القسام کے رفح بریگیڈ کے کمانڈر نائل ابو عبید کو ہلاک کر دیا ہے۔
نتن یاہو اور وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے ایک مشترکہ بیان میں اعلان کیا کہ فوج نے رفح بریگیڈ کے کمانڈر کو نشانہ بنایا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ یہ حملہ رواں ہفتے کے آغاز میں خان یونس بریگیڈ کے کمانڈر محمد عبدالسلام الیازوری اور دیگر اعلیٰ عہدیداروں کی ہلاکت کے بعد سامنے آیا ہے۔
نتن یاہو اور کاٹز نے کہا کہ اسرائیل کا پیغام یہ ہے کہ حماس غزہ کی پٹی میں اپنا وجود برقرار نہیں رکھ سکتی۔ کاٹز نے ایک الگ بیان میں آپریشن کی کامیابی کی تعریف کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ نتن یاہو کے ساتھ مل کر ان کی وضع کردہ پالیسی بغیر کسی سمجھوتے کے جاری رہے گی۔
فلسطینی ذرائع نے بتایا کہ ابو عبید نے رفح بریگیڈ کی کمان مئی 2025 میں اسرائیل کے ایک اور حملے میں ہلاک ہونے والے سابق کمانڈر محمد شبانہ کی جگہ سنبھالی تھی۔
یہ کارروائی گزشتہ ہفتے کے دوران اسرائیلی فوج کی جانب سے اعلیٰ فلسطینی شخصیات کو نشانہ بنانے والا چوتھا ٹارگٹڈ حملہ ہے۔
اب تک ہونے والے حملوں میں جمعہ کے روز خان یونس کے کمانڈر الیازوری اور ان سے چند روز قبل شمالی غزہ میں جبالیہ بٹالین کے کمانڈر اور اسلامی جہاد کے ایک کمانڈر کو ہلاک کیا جا چکا ہے۔
اسرائیل کا یہ جارحانہ قدم ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کے باعث ہلاک ہونے والے فلسطینی شہریوں کی تعداد بڑھ رہی ہے۔
اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کے نتیجے میں اب تک 1,372 فلسطینی ہلاک اور 4,659 زخمی ہو چکے ہیں۔
















