یورپی کونسل کے صدر انتونیو کوسٹا نے یوکرین اور روس کی جنگ کے حوالے سے ترکیہ کے مثبت کردار کو سراہا ہے۔
یہ بات انہوں نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے دو ریاستی حل کانفرنس کے موقع پر ترک صدر رجب طیب اردوان کے ساتھ ملاقات کے دوران کہی۔
کوسٹا نے پیر کے روز کہا کہ یہ ملاقات "اچھی" رہی، "ترکیہ، یوکرین کی حمایت میں ایک اہم شراکت دار ہے اور یہ ' کولیشن آف دی ولنگ'کوششوں کا حصہ ہے۔"
انہوں نے مزید کہا کہ یورپی یونین "ایک منصفانہ اور دیرپا امن" کے حصول کے لیے مل کر کام جاری رکھے گی۔
ہر شعبے میں قیادت کے لیے تیار
”پیرس میں 4 ستمبر کو ہونے والی تازہ ترین "کولیشن آف دی ولنگ" کانفرنس نے یوکرین کے لیے نئے سیکیورٹی وعدوں کے ساتھ توجہ حاصل کی، کیونکہ روس کے ساتھ جنگ جاری ہے۔
ترکیہ، جو جنگ کے آغاز سے ہی ماسکو اور کیف کے درمیان توازن قائم کرنے کی کوشش کر رہا ہے، نے اس ملاقات میں امن کے لیے اپنی عزم کا اعادہ کیا۔
پیرس سربراہی اجلاس کے بعد نائب صدر جودت یلماز نے کہا کہ انقرہ "روس-یوکرین جنگ میں دیرپا امن کو یقینی بنانے کے لیے ہر شعبے میں قیادت کے لیے تیار ہے۔"
انقرہ نے اس سے قبل روسی اور یوکرینی حکام کے درمیان براہ راست مذاکرات کی میزبانی کی تھی اور بحیرہ اسود اناج معاہدے کے قیام میں کلیدی ثالث کا کردار ادا کیا تھا، جسے 2022 میں تنازع کے آغاز کے بعد چند سفارتی کامیابیوں میں سے ایک سمجھا جاتا ہے۔