26 ستمبر 2025
ترکیہ اور امریکہ نے جمعرات کے روز جوہری توانائی کے میدان میں اپنی شراکت داری کو مزید گہرا کرنے کے لیے ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔
ترک وزیرِ توانائی و قدرتی وسائل، الپ ارسلان بائراکتار نے ترک سوشل میڈیا پلیٹ فارم این سوشل پر اپنے بیان میں کہا کہ صدر رجب طیب ایردوان کی وائٹ ہاؤس میں ملاقات کے دوران دونوں ممالک نے جوہری توانائی کے میدان میں اپنی گہری اور کثیرالجہتی شراکت داری کو مزید مضبوط کرنے کے عمل کا آغاز کیا ہے۔
وزیر نے کہاکہ"ہم نے امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو کے ساتھ اسٹریٹجک سول نیوکلیئر تعاون پر مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے، جو دونوں رہنماؤں کی موجودگی میں انجام پایا۔"
انہوں نے مزید کہا کہ"مجھے امید ہے کہ اس معاہدے کے دائرہ کار میں کیے جانے والے اقدامات مستقبل میں دونوں ممالک کے لیے باہمی فوائد فراہم کریں گے۔"