امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اگر روس اور یوکرین کے درمیان جنگ ختم نہ ہوئی تو وہ یوکرین کو ٹوماہاک کروز میزائل بھیج دیں گے۔
ٹرمپ نے، بروز اتوار اسرائیل اور مصر کے دورے پر روانگی سے قبل، اخباری نمائندوں کے ساتھ بات چیت میں کہا ہے کہ یوکرین "ٹوماہاک میزائل حاصل کرنا چاہتا ہے"۔
یوکرین کے صدر ولودیمیر زلنسکی کے ساتھ گفتگو کے حوالے سے ٹرمپ نے کہا ہے کہ "ہم نے اس بارے میں بات کی ہے اور دیکھتے ہیں کہ کیا ہوتا ہے۔ یوکرین کو ٹام ہاک کی فراہمی ایک نیا جارحانہ قدم ہو گا۔ لگی لپٹی رکھے بغیر کہنا پڑے تو میں اس موضوع پر روس سے بات کر سکتا ہوں ۔ کیا وہ چاہیں گے کہ ٹوماہاک میزائل ان کی طرف داغے جائیں؟ مجھے نہیں لگتا"۔
صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ " اگر یہ جنگ ختم نہیں ہوتی تو میں یوکرین کو ٹوماہاک فراہم کر دوں گا اور میں بے دھڑک کہہ سکتا ہوں کہ ٹوماہاک ایک قابل اعتماد اور بہت جارحانہ ہتھیار ہے۔ شاید ہم ایسا نہ کریں لیکن شاید کربھی لیں۔"
انہوں نے مزید کہا، "میں چاہتا ہوں کہ یہ جنگ ختم ہو جائے۔"
ٹرمپ کا یہ بیان اتوار کو زیلنسکی کے جاری کردہ اور ٹرمپ کے غزہ جنگ بندی منصوبے کو روس۔یوکرین جنگ کے لئے بھی ایک "امید" قرار دینے پر مبنی بیان کے بعد سامنے آیا ہے۔
زیلنسکی نے یہ بھی کہا تھا کہ دونوں ممالک امریکہ سے دُور مار ٹوماہاک کروز میزائلوں کی کیف کو فراہمی پر کام کر رہے ہیں۔
گزشتہ پیر کو ٹرمپ نے، کیف کو ٹوماہاک کی فراہمی کے فیصلے کے قریب ہونے کا ذکر کیا اور کہا تھا کہ "میں جاننا چاہتا ہوں کہ وہ ان کے ساتھ کیا کریں گے اور کہاں فائر کریں گے"۔