ترکیہ
3 منٹ پڑھنے
امریکہ چاہتا ہے کہ شام متحد رہے:فدان
وزیر خارجہ  خاقان فدان نے کہا ہے کہ انہوں نے واشنگٹن کے دورے کے دوران امریکی حکام اور دیگر  شامی ہم منصبوں سے الگ الگ بات چیت کی ، جس میں شام اور غزہ کی پیشرفت پر تبادلہ خیال کیا گیا
امریکہ چاہتا ہے کہ شام متحد رہے:فدان
خاقان فدان / AP
11 نومبر 2025

وزیر خارجہ  خاقان فدان نے کہا ہے کہ انہوں نے واشنگٹن کے دورے کے دوران امریکی حکام اور دیگر  شامی ہم منصبوں سے الگ الگ بات چیت کی ، جس میں شام اور غزہ کی پیشرفت پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

انہوں نے مزید کہا کہ لگتا ہے  کہ امریکہ شام کے متحد رہنے کی ضرورت کو سمجھتا ہے۔

مذاکرات کے بعد ترک میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ  فدان نے  کہا کہ انہیں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور شام کے صدر احمد الشرع کے درمیان ہونے والی ملاقات کے ایک حصے میں شرکت کے لیے بھی مدعو کیا گیا ہے، انہوں نے امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو، نائب صدر جے ڈی وینس اور امریکی خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف اور ٹام بیرک سے بھی ملاقاتیں کی ہیں۔

فدان نے کہا کہ انقرہ نے مذاکرات کے دوران شام کے بارے میں اپنے خیالات پیش کیے۔

انہوں نے امریکی دارالحکومت میں ترک ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں ان مسائل کا تفصیل سے جائزہ لینے اور اپنے خیالات پیش کرنے کا موقع ملا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس کے بعد ہمیں شام کے بارے میں ترکیہ کے خیالات، امریکہ کے ساتھ تعاون کے مواقع اور شام کی ترقی، اتحاد، یکجہتی، امن اور علاقائی سلامتی سے متعلق متعدد امور پر تبادلہ خیال کرنے کا  بھی موقع ملا۔

 یاد رہے کہ تقریبا 80 سال قبل ملک کی آزادی کے بعد کسی شامی رہنما کا وائٹ ہاؤس کا  یہ پہلا دورہ تھا۔

فدان نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے بھی  اس  ملاقات میں شرکت کی  جس میں شام کے وزیر خارجہ اسد الشیبانی ، روبیو، وٹکوف اور بیرک شامل تھے۔

 فدان  نے بتایا  کہ بعد میں انہوں نے وٹکوف اور بیرک سے الگ الگ ملاقات کی جس میں  بہت سے مسائل  خاص طور پر فلسطین کے بارے میں تفصیلی  جائزہ لیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ روس -یوکرین جنگ بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے غور کیا کہ  اس نازک موڑ پر جنگ کے خاتمے کے لیے کیا کیا جا سکتا ہے؟ ترکیہ کیا کردار ادا کر سکتا ہے  اور ہم اس مسئلے پر امریکہ کے ساتھ کیسے کام کر سکتے ہیں؟

فدان نے کہا کہ انہوں نے ایران جوہری مذاکرات  کے سلسلے میں  امریکی موقف پر بھی وسیع پیمانے پر تبادلہ خیال کیا  بعد ازاں ،انہوں نے صدر ایردوان کو مذاکرات کے نتائج سے بھی  آگاہ کیا۔

شام کی طرف رجوع کرتے ہوئے  فیدان نے نشاندہی کی کہ فی الحال اس بات پر توجہ مرکوز کی جارہی ہے کہ پابندیوں کو مستقل طور پر ختم کرنے کے لئے کیا کیا جاسکتا ہے

فدان نے اس بات پر زور دیا کہ اُن کی بات چیت میں  شام کے جنوبی صوبے سویدہ کی صورتحال سے نمٹنے ،  شامی عرب ہلال احمر اور دمشق کی حکومت کے تعاون اور ان علاقوں میں  سرگرم دہشت گرد تنظیم پی کے کے / وائی پی جی   جیسے موضوعات پر بھی غور کیا گیا ہے ۔