جنوبی کوریا کی خبر رساں ایجنسی یونہاپ نے اپنی سابقہ خبر کی تصحیح کرتے ہوئے کہا ہے کہ جس طیارے کو پہلے شمالی کوریا کا سمجھا جا رہا تھا وہ درحقیقت روس کے کئی فوجی طیارے تھے جو جنوبی کوریا کے فضائی دفاعی شناختی زون میں داخل ہو گئے تھے۔
یونہاپ خبر رساں ایجنسی نے منگل کے روز فوج کے حوالے سےشائع کردہ خبر میں کہا ہے کہ ’’شمالی کوریا کے نہیں روس کے کئی فوجی طیارے بحیرۂ مشرق کے اوپر جنوبی کوریا کے فضائی دفاعی شناختی زون (KADIZ) میں داخل ہوئے ہیں۔‘‘
اس سے قبل جنوبی کوریا کی وزارت برائے داخلہ امور و سلامتی نے ملک کے مشرقی ساحلی علاقے میں واقع ضلع اولیونگ کے تمام حصوں میں ہنگامی وارننگ جاری کی اور شہریوں کو زیرِ زمین پناہ گاہوں میں منتقل ہونے کی ہدایت کی تھی۔
ابتدائی سرکاری بیانات میں متضاد اطلاعات سامنے آئی تھیں۔ سکیورٹی حکام نے پہلے شمالی کوریا کے ایک طیارے کا ذکر کیا تاہم بعد میں کہا کہ ایک طیارہ، جس کے بارے میں شبہ تھا کہ وہ روسی طیارہ تھا، ایک مخصوص ’’خطرے والے علاقے‘‘ میں داخل ہوا اور پھر وہاں سے نکل گیا۔
فضائی دفاعی زون کی خلاف ورزی سے متعلق وضاحت
جنوبی کوریا کی فوج نے وضاحت کی ہے کہ مذکورہ طیارہ روس کا تھا اور وہ، ملک کی خودمختار فضائی حدود میں نہیں بلکہ کوریائی فضائی دفاعی شناختی زون (KADIZ) میں داخل ہو گیااور بعد ازاں اس علاقے سے نکل گیا تھا۔
واضح رہے کہ فضائی دفاعی شناختی زون ایک ایسا علاقہ ہوتا ہے جو کسی ملک کی خودمختار فضائی حدود سے آگے تک پھیلا ہوتا ہے۔ اس کا مقصد مسلح افواج کو ،اپنی فضائی حدود کے قریب آنے والے غیر ملکی طیاروں کی شناخت اور ان کا سراغ لگانے کے لیے، اضافی وقت فراہم کرنا ہے۔ تاہم بین الاقوامی قانون کے تحت اسے کسی ملک کی خودمختار فضائی حدود کا حصہ تصور نہیں کیا جاتا۔
جنوبی کوریا کی فوج نے بعد ازاں جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ روسی طیارے نے ملک کی خودمختار فضائی حدود کی خلاف ورزی نہیں کی۔
دوسری جانب ماسکو یا پیانگ یانگ کی جانب سے ان اطلاعات پر تاحال کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔














