سعودی دارالحکومت ریاض میں سہ فریقی اجلاس کے بعد شام نے کوسوو کو باضابطہ طور پر ایک آزاد اور خود مختار ریاست کے طور پر تسلیم کر لیا ہے۔
وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شام کے صدر احمد الشرع، سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور کوسوو کے صدر جوسا عثمانی کے درمیان ہونے والی ملاقات میں باہمی تعلقات اور باہمی افہام و تفہیم کو فروغ دینے پر توجہ مرکوز کی گئی جس میں باہمی تعاون بھی شامل تھا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اس تناظر میں شام جمہوریہ کوسوو کو ایک آزاد اور خود مختار ریاست کے طور پر باضابطہ طور پر تسلیم کرنے کا اعلان کرتا ہے جو لوگوں کے حق خود ارادیت پر یقین ،بلقان اور دنیا میں امن و استحکام کے فروغ کے عزم کی بنیاد پر ہے۔
شام نے اس بات پر زور دیا کہ یہ فیصلہ مشترکہ مفادات کے تناظر اور عوام کے درمیان دوستی کو مضبوط بنانے کے لیے دنیا بھر کے ممالک کے ساتھ تعاون کو بڑھانے کی اس کی وسیع تر پالیسی سے ہم آہنگ ہے۔
وزارت خارجہ نے بات چیت اور افہام و تفہیم میں سہولت فراہم کرنے پر سعودی عرب کے کردار کو بھی سراہا ،جس نے شام کی طرف سے کوسوو کو تسلیم کرنے کے لئے سازگار حالات پیدا کرنے میں مدد کی۔"
دمشق نے کہا کہ وہ جلد از جلد کوسوو کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم کرنے اور سیاسی، اقتصادی اور ثقافتی شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کا خواہاں ہے جس سے دونوں ممالک اور ان کے عوام کو فائدہ پہنچے گا۔











