یونہاپ نیوز ایجنسی نے ملک کی وزارت خارجہ کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ جنوبی کوریا اور نیٹو نے سائبر سیکیورٹی تعاون کو بہتر بنانے کے لیے اعلیٰ سطحی مذاکرات کیے ہیں۔
یہ سائبر مذاکرات جمعرات کو سیول میں منعقد ہوئے، جن کی قیادت جنوبی کوریا کے بین الاقوامی سائبر امور کے سفیر لی تائے وو اور نیٹو کے اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل برائے انوویشن، ہائبرڈ و سائبر، جین چارلس ایلرمان-کنگومبے نے کی۔
دونوں فریقین نے سائبر خطرات کا مقابلہ کرنے میں تعاون کو بڑھانے اور انڈو-پیسفک اور یورو-اٹلانٹک خطوں میں سائبر سیکیورٹی خطرات کا جائزہ لینے پر اتفاق کیا۔
جنوبی کوریا اور نیٹو نے 2023 میں سائبر سیکیورٹی کے شعبے میں تعاون کو مضبوط کرنے کی کوشش کے تحت اعلیٰ سطحی سائبر ڈائیلاگ کا آغاز کیا۔
یہ پیش رفت اس وقت سامنے آئی جب جنوبی کوریا کے وزیر دفاع آن گیو-بیک اور نیٹو کی ملٹری کمیٹی کے سربراہ جوزیپے کاوو ڈراگون نے منگل کے روز سیول ڈیفنس ڈائیلاگ کے دوران دفاع اور دفاعی صنعت کے تعاون کو مضبوط کرنے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔
جنوبی کوریا کی وزارت دفاع کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ڈراگون نے جنوبی کوریا اور نیٹو کے درمیان ٹھوس تعاون پر اتفاق کیا ، ان معاملات میں دفاعی اور فوجی تبادلے، معلومات کا اشتراک، سائبر اسپیس، خلا اور مصنوعی ذہانت شامل ہیں۔