عالمی صمود فلوٹیلا میں شریک ایک برطانوی صحافی نے اسرائیل سے ملک بدری کے بعد ترکیہ کی مہمان نوازی کی تعریف کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ انقرہ نے سب سے اہم کام یہ کیا کہ کارکنوں کو ڈاکٹروں اور وکلاء کے پاس لے جایا اور "انسانیت کے خلاف جرائم کے شواہد" جمع کیے۔
کیئرن اینڈریو ان 13 برطانوی شہریوں میں شامل ہیں جنہیں اسرائیل نے بین الاقوامی پانیوں میں عالمی صمود فلوٹیلا پر حملے کے بعد غیر قانونی طور پر حراست میں لیاتھا۔
ترکیہ سے اتوار کی شب تین دیگر برطانوی کارکنوں، سارہ ولکنسن، فرانسس کمنگز، اور ایوی سنڈیکر کے ہمراہ ہیتھرو ایئرپورٹ پر پہنچنے کے بعد، انہوں نے انادولو کو انٹرویو میں بتایا کہ یہ سفر ان کی توقع سے دوگنا زیادہ طویل تھا کیونکہ یہ بڑا کٹھن تھا۔
تاہم، "ہم سب سے پہلے فلسطین اور غزہ کے لوگوں سے محبت کی وجہ سے متحد تھے۔ ہم نے ایک دوسرے کے ساتھ وفاداری کے رشتے قائم کیے جو کشتی پر ایک عرصے تک رہنے کے بعد مضبوط ہوئے، اور یہی ہمیں آگے لے گیا۔"
غزہ کے راستے میں ڈراون حملوں، لاجسٹک مسائل، اور طوفانوں کا حوالہ دیتے ہوئے، اینڈریو نے کہا کہ یہ مشکلات ان روزمرہ کے مصائب کے مقابلے میں کچھ بھی نہیں ہیں جو ایک قابض اور نسل کش ریاست نے فلسطینیوں پر مسلط کیے ہیں۔
انہوں نے کہا، "بین الاقوامی قانون کے تحت یہ غیر قانونی تھا کہ وہ ہماری کشتی پر سوار ہوں یا ہمیں روکیں۔ جب تک کہ غزہ کے لوگ ہمیں اپنے علاقائی پانیوں میں ہمیں چاہتے ہیں، ہمیں وہاں پر ہر طرح کا حق تھا۔"
ہماری آنکھوں پر پٹی باندھ کر لایا گیا
اسرائیلی فورسز نے کارکنوں کے ساتھ غیر قانونی حراست کے بعد کیسا سلوک کیا ؟سوال کے جواب میں اینڈریو نے کہا کہ انہیں طویل عرصے تک پانی سے محروم رکھا گیا، جو جنیوا کنونشن کی خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے کہا، "ہمیں آنکھوں پر پٹی باندھ کر، رات کے وقت ایک بند بس میں نیگیو صحرا کی ایک جیل میں لے جایا گیا، جہاں ماضی میں فلسطینی قیدیوں کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا تھا۔"
انہیں چھوٹے چھوٹے سیلز میں رکھا گیا، جہاں 10 سے 12 افراد کو ایک سیل میں رکھا گیا، اور کارکنوں کو ضروری ادویات سے بھی محروم رکھا گیا۔
انہوں نے کہا، "لوگوں کی دوائیں ان کے سامنے پھینک دی گئیں۔ میں نے ہر عمر کے دل کے مریضوں کو دیکھا، جن میں 80 سال سے زائد عمر کے لوگ بھی شامل تھے، جن کی دوائیں ضائع کر دی گئیں۔"
عالمی صمود فلوٹیلا کے لوگوں کو اسرائیلی حکام کی جانب سے 'دہشت گرد' قرار دینے کے بیانات پر تبصرہ کرتے ہوئے، اینڈریو نے کہا: "دلچسپ بات یہ ہے کہ دہشت گردوں کے ہتھیار صرف بچوں کے لیے خوراک، کھانے کے پیکٹ، چاول اور دوائیں تھیں۔"
انہوں نے مزید کہا، "ظاہر ہے، اصل دہشت گرد وہ ہیں جو نسل کشی کر رہے ہیں، جو یہ سمجھتے ہیں کہ انہیں اپنے تمام پڑوسیوں پر بمباری کرنے کا مکمل اختیار ہے، اور جنہوں نے پچھلی صدی میں دنیا کے کسی بھی حصے کے مقابلے میں زیادہ بچوں کو معذور کیا ہے۔"
واضح تشدد
اینڈریو نے کہا کہ کارکنوں کو دہشت گرد قرار دینا "قابل رحم" اور "مضحکہ خیز" ہے، اور مزید کہا کہ جو لوگ ایسا سوچتے ہیں انہیں اپنی باقی زندگی شرمندگی کے ساتھ گزارنی چاہیے۔
انہوں نے کہا، "لیکن وہ ایسا نہیں کریں گے، کیونکہ جو لوگ ایسا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں وہ ایسی گھناؤنی نسل کشی کی نگرانی نہیں کریں گے۔"
اینڈریو نے کہا کہ لوگوں کو چھ گھنٹے تک گھٹنوں کے بل بٹھانا تشدد ہے، ایک کم درجے کی "واضح تشدد" کی شکل، لیکن پھر بھی تشدد ہے۔
انہوں نے ایک مثال دیتے ہوئے کہا کہ حراست کے دوران ایک کارکن نے رات کو "مدد، طبی ایمرجنسی" کا نعرہ لگانا شروع کیا، جسے انہوں نے "دل کا دورہ" سمجھا۔
جب اس شخص نے کہا کہ وہ سانس نہیں لے پا رہا تو اسرائیلی حکام کی طرف سے کوئی ردعمل نہیں آیا، حالانکہ جیل میں ایک ڈاکٹر موجود تھا۔
انہوں نے کہا، "آخر کار کسی نے کہا، 'ہمیں چیخنا بند کرنا ہوگا، اور اسے اپنی سانسوں پر قابو پانے کی کوشش کرنی ہوگی، کیونکہ ظاہر ہے کہ انہیں اس کی جان کی کوئی فکر نہیں تھی اور اسے یہی کرنا پڑا۔"
انہوں نے کہا، "یہ ... ایک بالکل غیر متوقع بات تھی جب میں صبح 5 بجے اسرائیلی جیل کے محافظوں کے دروازے پر دستک دینے اور ہمیں ناموں سے پکارنے پر جاگا۔"
اہم ترین بات
اسرائیلی حراست سے ملک بدری کے بعد ترکیہ میں گزارے گئے دن پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے، انہوں نے کہا: "یہ واقعی میں بہت اچھا وقت تھا جس پر میں میزبان ترکوں کا شکر گزار ہوں۔"
ترکیہ کی مہمان نوازی کی تعریف کرتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ انہوں نے کارکنوں کو اچھا کھانا اور رات کے لیے آرام دہ بستر فراہم کیے۔
انہوں نے مزید کہا، "یہ واقعی قابل تعریف تھا۔ لیکن سب سے اہم بات یہ تھی کہ انہوں نے ہمیں ڈاکٹروں کے پاس بھیجا ، وکلاء سے بات چیت کرائی اور انسانیت کے خلاف جرائم کے شواہد جمع کیے۔"
گزشتہ چند دنوں میں اسرائیل نے تقریباً 170 غزہ فلوٹیلا کے شرکاء کو ملک بدر کیا ہے، جن میں سے زیادہ تر کو استنبول بھیجا گیا، جبکہ چھوٹے گروپوں کو اٹلی اور اسپین بھیجا گیا۔
اسرائیلی بحریہ نے بدھ سے عالمی صمود فلوٹیلا کے جہازوں پر حملہ کیا اور انہیں قبضے میں لے لیا، اور 50 سے زائد ممالک کے 470 سے زیادہ کارکنوں کو حراست میں لیا۔
فلوٹیلا غزہ کو انسانی امداد فراہم کرنے اور علاقے کی ناکہ بندی کو چیلنج کرنے کی کوشش کر رہی تھی۔
اسرائیل نے تقریباً 18 سالوں سے غزہ، جہاں تقریباً 2.4 ملین لوگ رہتے ہیں، پر ناکہ بندی برقرار رکھی ہوئی ہے۔