ترکیہ
3 منٹ پڑھنے
ترک خفیہ ایجنسی کی کاروائی، استنبول سے موساد کا ایجنٹ گرفتار
ترکیہ نے اسرائیل کی قومی انٹیلی جنس ایجنسی موساد کے لیے کام کرنے کے الزام میں ایک نجی جاسوس کو حراست میں لیا ہے
ترک خفیہ ایجنسی کی کاروائی، استنبول سے موساد کا ایجنٹ گرفتار
استنبول / Others
3 اکتوبر 2025

ترکیہ نے اسرائیل کی قومی انٹیلی جنس ایجنسی موساد کے لیے کام کرنے کے الزام میں ایک نجی جاسوس کو حراست میں لیا ہے۔ سیکیورٹی حکام کے مطابق مشتبہ شخص کو استنبول میں پراسیکیوٹرز اور پولیس کے ساتھ مشترکہ کارروائی کے دوران حراست میں لیا گیا ہے۔

ترکیہ کی قومی خفیہ ایجنسی  نے کہا کہ مشتبہ شخص ، جس کی شناخت سرکان چیچک کے نام سے ہوئی ہے اس  کو میٹرون ایکٹیویٹی کے کوڈ نام کے حامل  آپریشن کے دوران حراست میں لیا گیا تھا۔

سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ وہ موساد کے لیے کام کر رہا تھا اور اسرائیل کے آن لائن آپریشن سینٹر کے رکن فیصل رشید سے رابطے میں تھا۔

چیچک نے مبینہ طور پر استنبول میں  رشید کی درخواست پر ایک فلسطینی کارکن کی نگرانی کرنے کا اعتراف کیا جو اسرائیل کی مشرق وسطیٰ کی پالیسیوں کی مخالفت کرتا ہے۔

ترک انٹیلی جنس کے مطابق ، چیچک - جس کا اصل نام محمد فاتح کیلیس ہے  اس  نے بھاری قرضوں میں ڈوبنے کے بعد اپنا نام تبدیل کیا اور 2020 میں ایک نجی فرم ، پنڈورا  ڈیٹیک ٹیف  ایجنسی قائم کرنے کے لئے اپنا کاروباری کیریئر چھوڑ دیا۔

 

کہا جاتا ہے کہ اس نے موسیٰ کوس کے ساتھ کام کیا تھا جسے اسرائیل کے لئے جاسوسی کرنے کے الزام میں 19 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی ، اور وکیل طغرل خان  دِپ کے ساتھ ، دونوں کو منافع کے لئے جاسوسوں کو عوامی ریکارڈ سے ذاتی ڈیٹا فروخت کرنے کا قصوروار پایا گیا تھا۔

حکام کا کہنا ہے کہ چیچک نے اپنے جاسوسی کام کا آغاز کرنے کے بعد موساد کی توجہ مبذول کرائی۔ 31 جولائی کو  فیصل  رشید نے مبینہ طور پر واٹس ایپ کے ذریعے ان سے رابطہ کیا اور خود کو ایک غیر ملکی قانونی فرم کے ملازم کے طور پر متعارف کرایا۔

اس کے بعد رشید نے چیچک کو استنبول کے مضافات میں واقع باشاک شہر میں رہنے والے ایک فلسطینی کارکن پر چار روزہ نگرانی کا مشن انجام دینے کا کام سونپا تھا۔ چیچیک  کو مبینہ طور پر اس کام کو انجام دینے کے لئے یکم اگست کو کریپٹوکرنسی میں $ 4،000 ادا کیے گئے تھے۔

چیچیک کو آن لائن نام کی تحقیق کے بعد معلوم ہوا کہ ہدف ایک فلسطینی کارکن تھا۔ یہ جاننے کے باوجود کہ اس کے ساتھی کوس کو اسرائیل کے لئے جاسوسی کرنے کے الزام میں جیل بھیج دیا گیا ہے ، اس نے یہ کام قبول کرلیا۔

حکام نے بتایا کہ چیچیک نے رشید کے دیئے ہوئے پتے کا دورہ کیا لیکن وہ ہدف تلاش کرنے میں ناکام رہا۔ وہ کرایہ پر لینے کے لئے اپارٹمنٹ کی تلاش کے بہانے 1-2 اگست کو ہاؤسنگ کمپلیکس میں داخل ہوا اور جاسوسی کی ، لیکن موساد کی درخواست کردہ معلومات اکٹھا کرنے میں ناکام رہا۔

 

حکام کے مطابق 3 اگست کو اسرائیلی ایجنٹ رشید نے رابطہ منقطع کر دیا۔