بنگلہ دیشی نیوز آؤٹ لیٹ 'ڈیلی وعدہ' نے یہ رپورٹ دی ہے بنگلہ دیش کی برطرف وزیر اعظم شیخ حسینہ نے 16 دسمبر کو بنگلہ دیش کے یومِ فتح کے موقع پر بھارت سے وطن واپس لوٹنے کا فیصلہ کیا ہے ۔
حسینہ کے سابق وزیر مملکت برائے اطلاعات محمد علی عرفات نے اناطولیہ نیوز ایجنسی سے اس پیش رفت کی تصدیق کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ "جی ہاں، انہوں نے تاریخ کا فیصلہ کر لیا ہے اب یہ بنگلہ دیش کی موجودہ انتظامیہ پر منحصر ہے کہ وہ ان کی واپسی کے لیے سہولیات فراہم کرے۔
یہ پہلی بار ہے کہ شیخ حسینہ نے 5 اگست 2024 کو ایک عوامی تحریک کے بعد بھارت فرار ہونے کے بعد اپنی واپسی کے لیے کسی مخصوص تاریخ کا تعین کیا ہے، جس تحریک نے ان کی 15 سالہ حکومت کا خاتمہ کر دیا تھا۔
حسینہ نے بنگلہ دیشی حکومت سے یہ بھی کہا ہے کہ وہ نئی دہلی سے قومی فضائی کمپنی 'بیمان بنگلہ دیش ایئر لائنز' کے ذریعے ان کی واپسی کا انتظام کرے۔
بنگلہ دیش کی وزیر مملکت برائے خارجہ امور شمع عبید اسلام نے پیر کے روز کہا تھا کہ حسینہ کو وطن واپسی پر گرفتار کر کے جیل بھیج دیا جائے گا۔
ڈھاکہ نے دونوں ممالک کے درمیان موجودہ حوالگی کے معاہدے کے تحت بھارت سے حسینہ کی حوالگی کا مطالبہ کیا ہے۔
یہ اعلان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب رواں ماہ کے شروع میں حسینہ کی جانب سے نئے پاسپورٹ اور دیگر دستاویزات کے حصول کی کوششوں کے بعد سے سیاسی کشیدگی اور پرتشدد واقعات کے سلسلے میں اضافہ ہوا ہے۔
حسینہ کی 'عوامی لیگ' پارٹی پر بنگلہ دیش میں سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لینے پر تاحال پابندی عائد ہے۔
انہیں نومبر 2025 میں 2024 کی تحریک کے دوران انسانیت کے خلاف جرائم کے ارتکاب پر ان کی غیر موجودگی میں سزائے موت سنائی گئی تھی۔
بنگلہ دیش 16 دسمبر کو یومِ فتح مناتا ہے، جو 1971 میں پاکستانی افواج کے ہتھیار ڈالنے کی یادگار ہے جس نے نو ماہ کی جنگ کا خاتمہ کیا اور ملک کی آزادی کی راہ ہموار کی تھی۔














