مقامی حکام کے مطابق یوکرین کے جنوب مغربی علاقے اودیسا میں روسی بیلسٹک میزائلوں نے بندرگاہ کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنایا جس دوران کم از کم سات افراد ہلاک اور دیگر 15 زخمی ہو گئے۔
علاقائی گورنر اولے کیپر نے جمعہ کو ٹیلیگرام پر ایک پوسٹ میں کہا "شام کے وقت دشمن نے دوبارہ اودیسا میں ایک بندرگاہی تنصیب پر بڑے پیمانے پر بیلسٹک میزائلوں سے حملہ کیا۔ حملے کے نتیجے میں پارکنگ میں کھڑے ٹرکوں میں آگ لگ گئی، 15 افراد کو ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کا علاج معالجہ جاری ہے، جبکہ ابتدائی معلومات کے مطابق ہلاکتوں کی تعداد سات بتائی گئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ علاقے میں جاری فضائی کاروائیوں کی وجہ سے ایمرجنسی اور آپریشنل خدمات کو حملے کا فوری جواب دینے میں مشکلات کا سامنا رہا۔
اودیسا گزشتہ چند ہفتوں سے فضائی حملوں میں شدت کا شکار ہے، اور اوپر تلے حملوں کے بعد صورتِ حال کو سنبھالنے میں مدد کے لیے 12 مختلف علاقوں سے امدادی ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں۔
روسی حکام نے اس واقعے پر فوری طور پر تبصرہ نہیں کیا، اور جاری جھڑپوں کے باعث ان دعوؤں کی آزادانہ تصدیق کرنا مشکل ہے۔










