صدر رجب طیب ایردوان نے کہا ہے کہ وہ جاری روس-یوکرین جنگ کے خاتمے کے لیے ہونے والے امن مذاکرات کا قریبی طور پر جائزہ لے رہے ہیںھ اور انقرہ مذاکرات کی میزبانی کر سکتا ہے
ترک محکمہ اطلاعات کے مطابق صدر ایردوان نے یہ بیان روسی صدر ولادیمیر پوتن سے ملاقات کے دوران دیا ۔
ایردوان اور پوتن کی ملاقات ترکمانستان کے دارالحکومت عاشق آباد میں منعقدہ بین الاقوامی امن و اعتماد فورم کے موقع پر ہوئی۔ انہوں نے دوطرفہ تعلقات اور ماسکو-کیف جنگ کے سلسلے میں جامع امن کوششوں پر تبادلہ خیال کیا۔
صدر نے کہا کہ جنگ کو منصفانہ اور دیرپا امن کے ذریعے ختم کرنے کی کوششیں قابلِ قدر ہیں اور بتایا کہ ایسے معاملات میں پیش رفت ممکن ہے جو دونوں فریقین کے لیے عملی فوائد فراہم کرے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایک محدود جنگ بندی، جس کا بنیادی ہدف توانائی کے مراکز اور بندرگاہیں ہوں، فائدہ مند ثابت ہو سکتی ہے۔
ایردوان نے روس-یوکرین جنگ کے خاتمے کی کوششوں میں انقرہ کی حمایت کا اعادہ کیا اور کہا کہ انقرہ جنگ ختم کرنے کے مذاکراتی عمل کو قریب سے دیکھ رہا ہے اور اس دائرہ کار میں ہر ممکنہ پلیٹ فارم پر بات چیت کی میزبانی کے لیے تیار ہے۔
یہ فورم، جس کا عنوان 'امن اور سلامتی: پائیدار مستقبل کے لیے اہداف کی یگانگت' تھا، عالمی امن کی کوششوں کو مضبوط بنانے پر اعلیٰ سطحی تبادلوں کے لیے ایک پلیٹ فارم کا کردار ادا کر رہا تھا۔
فورم میں علیحدہ خطاب میں پوتن نے بین الدولتی تعلقات کو اقوام متحدہ کے منشور کے اصولوں کے مطابق رکھنے کی اہمیت پر زور دیا اور ترکمانستان کی متوازن خارجہ پالیسی اور علاقائی استحکام میں اس کے کردار کی تعریف کی۔
دونوں رہنماؤں نے فلسطین اور شام کی صورتِ حال کے علاوہ جنوبی قفقاز میں امن کے عمل پر بھی تبادلہ خیال کیا۔










