صدر رجب طیب ایردوان نے اپنے برازیلی ہم منصب لوئز اناسیو دا سلوا کی اسرائیل کی غزہ نسل کشی پر خاموش رہنے سے انکار کی تعریف کرتے ہوئے بتایا کہ ترکیہ غزہ میں امن قائم کرنے کے تمام اقدامات کو اہم سمجھتا ہے۔
ترک صدارتی شعبہ اطلاعات نے ترک سوشل میڈیا پلیٹ فارم NSosyal پر بتایا کہ ٹیلیفونک بات چیت میں ایردوان اور دا سلوا نے دو طرفہ علاقائی اور عالمی مسائل پر بات کی۔
ایردوان نے مزید کہا کہ انقرہ غزہ میں انسانی تباہی کے خاتمے، امن قائم کرنے اور فلسطینی علاقے کی تعمیر نو کے لیے کام جاری رکھے گا۔
ترک صدر نے یہ بھی کہا کہ وہ کئی شعبوں میں دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینے پر کام جاری رکھیں گے۔
اسرائیل نے اکتوبر 2023 سے اب تک غزہ کے 71,000 سے زائد فلسطینیوں کو قتل اور 171,000 سے زائد زخمی کیا ہے جبکہ غزہ کےشہری انفراسٹرکچر کا تقریبا 90 فیصد حصہ تباہ کر دیا ہے۔
دوسری جانب ،غزہ پر اپنے حالیہ حملوں اور جنگ بندی کی ایک اور کھلی خلاف ورزی میں اسرائیل نے کم از کم گیارہ فلسطینیوں کو قتل کیا جن میں تین صحافی، خواتین اور بچے شامل تھے۔
اسرائیلی فورسز غزہ کے جنوبی اور مشرقی بفر زونز کے ساتھ ساتھ شمالی غزہ کے بڑے حصے پر بھی قابض ہیں ۔















