ترک نائب صدر جودت یلماز نے کہا ہے کہ ترکیہ اپنی دفاعی صنعت کے حوالے سے کسی بھی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گا ۔
یلماز نے ترکیہ گرینڈ نیشنل اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ترکیہ دفاعی صنعت پر خصوصی توجہ کو جاری رکھے گا۔
انہوں نے زور دیا کہ ایک ایسی دنیا میں جہاں نیٹو کے رکن ممالک نے سالانہ جی ڈی پی کا 5 فیصد بنیادی دفاعی ضروریات پر خرچ کرنے کا عزم کیا ہے، یورپی یونین نے اپنے سیکیورٹی ایکشن فار یورپ (SAFE) پروگرام کا اعلان کیا ہے، جغرافیائی سیاسی خطرات بڑھ رہے ہیں، ترکیہ کو ایک مؤثر طاقت بننا اور اپنی دفاعی صنعت کو مزید فروغ دینا ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ ترکیہ نے ہمیشہ سفارتکاری اور امن کو ترجیح دی ہے۔
انہوں نے کہا، " یہ ایک ایسا ملک ہے جس نے متعدد معاملات میں سفارتکاری اور امن کو ترجیح دی ہے، جیسا کہ غزہ سے لے کر قاراباغ تک ، یوکرین سے لے کر صومالیہ اور ایتھوپیا تک۔"
انہوں نے مزید کہا، "لیکن ہم نے یہ بھی سیکھا ہے: چاہے آپ کتنے ہی حق پر ہوں، اگر آپ مضبوط نہیں ہیں تو آپ اس دنیا میں محض دوسروں کے رحم و کرم پر جی نہیں سکتے۔"
انہوں نے کہا، "ہم نے یہ غزہ میں دیکھا۔ ہم مضبوط بھی ہوں گے اور حق بجانب بھی۔ ہمیں یہ دونوں کام کرنے ہوں گے، ہم جمہوریہ ترکیہ کے طور پر ایسا ہی کریں گے۔"














