پاپائے روم پوپ لیو نے کہا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں اتحاد، شراکت داری، مفاہمت اور امن مسائل کے باوجود ممکن ہیں۔
وسطی بیروت میں ایک اجتماع کے دوران انہوں نے یہ بیان دیا جس میں 300 سے زائد مذہبی شخصیات نے شرکت کی، جس میں لبنان کے عیسائی اور اسلامی فرقوں کے سربراہان کی تقاریر شامل تھیں، اور سیسٹما بیروت چانٹس کورس، اسلامی یتیم خانے کے کورس، اور امام الصدر فاؤنڈیشن کی موسیقی کے حصے بھی پیش کیے گئے۔
پوپ نے کہا کہ آپ کو امن کے معمار بننے کے لیے بلایا گیا ہے جس میں عدم برداشت کا سامنا کرنا، تشدد پر قابو پانا اور انصاف کے راستے کو روشن کرنا شامل ہے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایک ایسے دور میں جب بقائے باہمی ایک خواب لگتا ہے، لبنان کے لوگ مختلف مذاہب کو اپناتے ہوئے، ایک طاقتور یاد دہانی کے طور پر کھڑے ہیں کہ خوف، بے اعتمادی اور تعصب آخری فیصلہ نہیں ہوتا اور یہ سب اتحاد، مصالحت اور امن سے ممکن ہے ۔
سریانی کیتھولک پیٹریارک، اگنیشیس جوزف سوم یونان نے تقاریر کا آغاز سرکاری استقبال سے کیا، جس کے بعد بازنطینی رسم میں انجیل کی تلاوت اور اسلام کی مقدس کتاب قرآن سے تلاوت کی گئی۔
عیسائی مذہبی رہنماؤں کے کئی خطابات کے بعد لبنان کے مفتی اعظم شیخ عبداللطیف دریان نے پوپ کا خیرمقدم کیا اور زور دیا کہ لبنان "پیغام کی سرزمین اور دنیا بھر میں امن و سلامتی کی محافظ ہے۔"
اسلامی شیعہ کونسل کے نائب سربراہ ، شیخ علی الخطب اعلیٰ نے کہا کہ ہم ہتھیار لے جانے کے شوقین نہیں ہیں اور ہم امید کرتے ہیں کہ دنیا ہمارے ملک کو نجات دلانے میں مدد کرے گی
تقریب سے پہلے شمالی بیروت کے اپوسٹولک ننسیچر سے شہر کے مرکز میں شہداء اسکوائر تک سڑک پر ہجوم جمع ہوا تاکہ پوپ لیو کا سرکاری قافلہ گزرنے پر ان کا استقبال کیا جا سکے۔
گزشتہ اتوار کو پوپ لیو ترکیہ کے 3 روزہ دورے کے بعد لبنان پہنچے تھے ۔
لبنان کی مذہبی تنوع اس کے سیاسی نظام میں جھلکتی ہے وہاں کا صدر ہمیشہ عیسائی ہونا چاہیے، جبکہ وزیر اعظم کا سنی اور پارلیمان کا اسپیکر شیعہ مسلمان ہونا چاہیے۔










