ترک نائب وزیر برائے ٹرانسپورٹ اینڈ انفراسٹرکچر نے جمعہ کو اعلان کیا کہ ترکیہ میں منصوبہ بند 5جی نظام کا قیام اور اس کے بعد مکمل کوریج کے عمل سے توقع کی جا رہی ہے کہ یہ 2030 تک ترک معیشت میں 100 ارب ڈالر کا حصہ ڈالے گا اور 15 لاکھ نئی ملازمتوں کے مواقع پیدا کرے گا۔
عمر فاتح ساین نے ترک سوشل میڈیا پلیٹ فارم NSosyal پر لکھا ہے کہ "ترکیہ گرینڈ نیشنل اسمبلی کے نئے مقننہ سال کا آغاز 5جی ٹیکنالوجی کے ساتھ کرنا ہمارے ڈیجیٹل تبدیلی کے سفر میں عزم کا واضح مظاہرہ ہے،" انہوں نے کہا کہ یہ پائلٹ منصوبہ، جو پارلیمنٹ کے تحت شروع کیا گیا، پورے ملک کے لیے تیز رفتار کنکشن کے وژن کا پیش خیمہ ہے۔
یہ قدم نہ صرف ایک تکنیکی پیش رفت ہے بلکہ قومی ٹیکنالوجی کی تحریک اور ترکیہ صدی کے نقطہ نظر کے سب سے اہم معاملات میں سے ایک ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا بنیادی ہدف ترک قوم کے ہر فرد کو اس تیز رفتار کنکشن سے حاصل ہونے والی معاشی خوشحالی، بہتر سیکیورٹی، معیاری صحت کی دیکھ بھال، اور تعلیمی مواقع سے مستفید کرانا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم ترکیہ کے ڈیجیٹل مستقبل کی محفوظ اور شفاف انداز میں، قومی معیارات پر عمل کرتے ہوئے اور غیر متزلزل عزم کے ساتھ نشاط کرتے رہیں گے۔"
ہم آئندہ برس ماہ اپریل تک 5جی ٹیکنالوجی کو مکمل طور پر نافذ کرنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں، جو متعدد شعبوں میں انقلابی تبدیلیاں لائے گا۔
ترکیہ کا موبائل سفر 1991 میں جی ون سے شروع ہوا، اس کے بعد 1994 میں جی ٹو، 2009 میں تھری جی ، اور 2016 میں 4.5G آیا۔ 5جی کی تیاری 2019 میں شروع ہوئی اور اب یہ اپنے آخری مرحلے میں پہنچ چکی ہے۔
5G کے نفاذ کے لیے کم از کم فریکوئنسی ویلیو کا اعلان اس سال اگست میں کیا گیا تھا۔ ُکل 11 فریکوئنسی پیکجز کے لیے کم از کم فریکوئنسی قیمت 2.1 ارب ڈالر مقرر کی گئی۔
ترکیہ انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجیز اتھارٹی کی جانب سے تیار کردہ 5جی ٹینڈر کا اعلان 31 اگست کو ایک صدارتی فرمان کے بعد شائع ہوا۔
5 جی کے ٹیسٹ منصوبوں کے اہم مقامات کا تعین کیا جا چکا ہے، جن میں ترکیہ کے چار بڑے فٹ بال کلبوں کے اسٹیڈیم، آئی جی اے استنبول ایئرپورٹ، ترکیہ قومی اسمبلی، اور ملک بھر میں تقریباً 30 دیگر تنصیبات شامل ہیں۔