ترکیہ کی وزارتِ دفاع نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ تہران اور واشنگٹن عارضی جنگ بندی کو مستقل کرنے اور امن کے لیے مذاکرات کو جاری رکھنے کے لیے "تعمیری" طور پر کام کریں گے۔
وزارت کے ترجمان ریئر ایڈمرل ذکی اق ترک نے جمعرات کو ہفتہ وار بریفنگ کے دوران کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ ایران اور امریکہ عارضی جنگ بندی کو مستقل بنانے اور مذاکراتی عمل کو جاری رکھنے کے لیے تدبر اور تعمیری انداز میں کام کریں گے، ہم خطے میں استحکام اور امن کو یقینی بنانے کی کوششوں کے لیے ہر قسم کی مدد فراہم کرنا جاری رکھیں گے۔"
اق ترک نے عالمی برادری پر بھی زور دیا کہ وہ لبنان پر اسرائیل کے جاری حملوں اور غزہ میں اسرائیلی نسل کشی کے نتیجے میں پیدا ہونے والے انسانی بحران کے خلاف اپنی ذمہ داری پوری کرے۔
وزیر دفاع یاشار گولر نے استنبول میں منعقدہ SAHA 2026 دفاعی نمائش کے دوران صومالیہ، کوسوو، کینیا، کویت، موریطانیہ، سوڈان اور اسٹونیا کے ہم منصبوں سمیت کئی غیر ملکی حکام سے ملاقاتیں کیں۔
وزیر گولر نے کوسوو کے ساتھ فوجی مالیاتی تعاون اور کینیا کے ساتھ دفاعی تعاون کے معاہدوں پر دستخط کیے۔
ایئر فورس کمانڈر جنرل ضیا جمال قاضی اولو 11 سے 14 مئی کے درمیان پرتگال کا دورہ جبکہ بحریہ کے کمانڈر ایڈمرل قادر یلدز میڈرڈ میں یورپی بحریہ کے سربراہان کی کانفرنس میں شرکت کر رہے ہیں۔















