تنظیم کے صدر نے پیر کے روز کہا ہے کہ دنیا کے معروف نسل کشی کے ماہرین کی تنظیم نے ایک قرارداد منظور کی ہے جس کے مطابق۔ اسرائیل کی غزہ میں نسل کشی کے حوالے سے قانونی تقاضے پورے ہو چکے ہیں ۔
پانچ سو اراکین پر مشتمل انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف جینوسائیڈ اسکالرز کے رائے دہی کے اہل اراکین میں سے چھاسی فیصد نے اس قرارداد کی حمایت کی، جس میں کہا گیا ہے کہ "غزہ میں اسرائیل کی پالیسیاں اور اقدامات اقوام متحدہ کے کنونشن برائے نسل کشی کی روک تھام اور سزا (1948) کے آرٹیکل II کی قانونی تشریح کے عین مطابق ہیں۔"
1994 میں معرض وجود میں آنے کے بعد سے، نسل کشی کے ماہرین کی اس تنظیم نے نو قراردادیں منظور کی ہیں جن میں تاریخی یا جاری نسل کشی کے واقعات کو تسلیم کیا گیا ہے۔
اسرائیلی وزارت خارجہ کی جانب سے اس بارے کوئی فوری ردعمل سامنے نہیں آیا۔
اسرائیل نے اکتوبر 2023 میں فلسطینی مزاحمتی گروپ حماس کے حملے کے بعد غزہ پر حملوں کا سلسلہ شروع کیا تھا۔ اسرائیلی حکام نے بتایا تھا کہ حماس کے حملے میں کم از کم 1,200 افراد ہلاک ہوئے اور تقریباً 250 کو قیدی بنا لیا گیا۔
اس کے بعد سے، اسرائیل کی فوجی کارروائیوں میں 63,000 سے زائد فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں، غزہ کے زیادہ تر عمارتیں تباہ یا نقصان زدہ ہو چکی ہیں اور تقریباً تمام رہائشیوں کو کم از کم ایک بار اپنے گھروں سے نقل مکانی پر مجبور ہونا پڑا ہے۔
مزید برآں، اقوام متحدہ کی حمایت یافتہ عالمی بھوک مانیٹر نے جمعہ کے روز یہ تعین کیا کہ غزہ شہر اور اس کے آس پاس کے علاقے باضابطہ طور پر قحط کا شکار ہیں، اور یہ امکان ہے کہ یہ مزید پھیلے گا۔
انٹیگریٹڈ فوڈ سیکیورٹی فیز کلاسیفیکیشن (IPC) کا کہنا ہے کہ 514,000 افراد — جو غزہ میں فلسطینیوں کا تقریباً ایک چوتھائی ہیں — قحط کا سامنا کر رہے ہیں، اور یہ تعداد ستمبر کے آخر تک 641,000 تک پہنچنے کا امکان ہے۔











