دنیا
2 منٹ پڑھنے
جکارتہ میں ایک اسکول کمپلیکس میں واقع مسجد میں دھماکہ، 54 افراد زخمی
تفتیش کار کئی امکانات پر غور کر رہے ہیں، جن میں بجلی کا شارٹ سرکٹ، کسی الیکٹرانک ڈیوائس کی خرابی، یا دیسی ساختہ دھماکہ خیز مواد شامل ہیں۔
جکارتہ میں ایک اسکول کمپلیکس میں واقع مسجد میں دھماکہ، 54 افراد زخمی
Armed police personnel and military personnel guard an area after an explosion occurred at a school complex in Jakarta, Indonesia, November 7, 2025. / Reuters
7 نومبر 2025

انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ میں ایک اسکول کمپلیکس کی مسجد میں دھماکے سے کم از کم 54 افراد زخمی ہوگئے، تاہم دھماکے کی وجہ کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں دی گئی۔

ایک پولیس افسر نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ "ابتدائی معلومات کے مطابق تقریباً 54 افراد متاثر ہوئے ہیں۔ کچھ کو معمولی چوٹیں آئی ہیں اور کچھ کو درمیانی نوعیت کی۔

پولیس افسر نے ایک ٹیلیویژن پریس کانفرنس میں کہا کہ دھماکے کی وجہ کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

تاہم، ابتدائی  جائزے سے پتہ چلتا ہے کہ تفتیش کار کئی امکانات پر غور کر رہے ہیں، جن میں بجلی کا شارٹ سرکٹ، کسی الیکٹرانک ڈیوائس کی خرابی، یا دیسی ساختہ دھماکہ خیز مواد شامل ہیں۔

مقامی میڈیا نے اسکول میں ایک خصوصی پولیس یونٹ کی موجودگی کی فوٹیج دکھائی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کئی افراد زخمی ہوئے، جن کی تعداد مختلف بتائی گئی، اور کچھ کو اسپتال منتقل کیا گیا۔

واقعے کے بعد بم اسکواڈ نے علاقے کا تفصیلی معائنہ کیا۔

زیادہ تر متاثرین کو معمولی چوٹیں آئیں، جو شیشے کے ٹکڑوں اور دھماکے کے جھٹکوں سے ہوئیں، کسی کو جانی خطرہ لاحق نہیں۔

جکارتہ گلوب کی رپورٹ میں  بتایا گیا ہے کہ عینی شاہدین کے مطابق، دھماکہ مسجد کے مرکزی ہال کےعقبی  حصے  میں ہوا، جس سے نمازیوں میں افراتفری مچ گئی۔

کمرے میں دھواں بھر گیا۔ طلباء باہر بھاگے - کچھ رو رہے تھے اور کچھ گھبراہٹ میں گر گئے۔