وینزویلا نے کہا ہے کہ "ہم، ناروے میں اپنا سفارت خانہ بند کر رہے ہیں"۔
نارویجن نوبل کمیٹی کی طرف سے وینزویلا حزب اختلاف کی رہنما 'ماریا کورینا ماچادو' کو نوبل امن انعام سے نوازے جانے کے بعد وینزویلا وزارتِ خارجہ نے جاری کردہ اعلان میں کہا ہے کہ وینزویلا ناروے میں اپنا سفارت خانہ بند کر دے گا۔
وزارتِ خارجہ نے نوبل انعام کا براہ راست حوالہ دیئے بغیر کہا ہےکہ یہ فیصلہ "خارجہ خدمات کی جامع تنظیم نو کے پہلے مرحلے" کا حصہ ہے ۔
وزارت نے اس اقدام کو " حکمت عملی وسائل کی تقسیمِ نو" سے منسلک قرار دیا اور تصدیق کی ہے کہ وینزویلا اپنے آسٹریلیا سفارت خانے کو بھی بند کر دے گا ۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ " خارجہ خدمات کی تنظیمِ نو کا بنیادی مقصدریاستی وسائل کے استعمال کو موزوں ترین شکل دینا ، اپنے سفارتی وجود کی شناختِ نو کر کے جنوبی کُرّے کے ساتھ اتحاد کو مضبوط بنانا، عوامی اتحاد و تعاون کی حوصلہ افزائی کرنا اور دو طرفہ ترقی کے لئے اسٹریٹجک شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا ہے"۔
وزارت نے مزید کہا ہے کہ "وینزویلا اس بات کی تصدیق کرتا ہے کہ یہ اقدامات قومی خودمختاری کے دفاع کے لیے اس کے غیر متزلزل عزم کی عکاسی کرتے ہیں اور انصاف، یکجہتی اور شرکت پر مبنی ایک نئے عالمی نظام کی تعمیر میں فعال حصہ ڈالنے کے عزم کا اظہار ہیں۔"
تاہم ناروے وزارت خارجہ نےسفارت خانے کی بندش پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
یہ اعلان نوبل کمیٹی کی طرف سے، وینزویلا کے عوام کے جمہوری حقوق کو فروغ دینے کے لئے انتھک کوششوں اور آمریت سے جمہوریت کی طرف منصفانہ اور پرامن منتقلی کے لیے جدوجہد" کے اعتراف میں، وینزویلا حزب اختلاف لیڈر ' ماچادو' کونوبل امن انعام سے نوازے جانے کے بعد سامنے آیا ہے۔
ماچادو نے یہ انعام امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے نام معنون کیا ہے۔
'مہلت ختم ہو گئی ہے'
اے ایف پی نیوز ایجنسی کے لئے ایک خفیہ مقام سے دیئے گئے انٹرویو میں 'ماچادو 'نے کہا ہے کہ صدر مادورو کا "وقت ختم ہو چکا ہے" لیکن ان کے پاس پرامن شکل میں اقتدار چھوڑنے کا موقع اب بھی موجود ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ "ابھی پرامن منتقلی کی طرف بڑھنے کا موقع مادورو کے ہاتھ میں ہے۔ اگر وہ مزاحمت جاری رکھتے ہیں تو اس کے نتائج کی مکمل ذمہ داری خود ان پر ہوگی۔ وہ، مذاکرات کے ساتھ یا بغیر مذاکرات کے ، اقتدار چھوڑ دیں گے۔"
اسرائیل کی حمایت پر تنقید
ماچادو کو ایکس پر غزہ میں نسل کشی کی حمایت میں پوسٹیں لگانے کی وجہ سے تنقید کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
2021 میں ایکس پر لگائی گئی ایک پوسٹ میں انہوں نے اسرائیل کو "آزادی کا حقیقی اتحادی" قرار دیا اور کہا تھا کہ جو لوگ مغربی اقدار کا دفاع کرتے ہیں وہ "اسرائیلی ریاست کے ساتھ کھڑے ہیں۔"
غزہ میں محاصرے کے دوران ہونے والے قتل عام سے لا تعلق ' ماچادو' نے کہا تھا کہ اگر وہ منتخب ہوئیں تو وینزویلا سفارت خانے کو یروشلم منتقل کریں گی۔
اسرائیلی چینل کے لئے ایک حالیہ انٹرویو میں انہوں نے کہا ہے کہ"میں یقین رکھتی ہوں اور میں اعلان کر سکتی ہوں کہ ہماری حکومت اسرائیلی سفارت خانہ یروشلم منتقل کرے گی۔میں وعدہ کرتی ہوں کہ ایک دن وینزویلا اور اسرائیل کے درمیان قریبی تعلقات ہوں گے۔ یہ ہماری اسرائیلی ریاست کی حمایت کا حصہ ہوگا۔"