روس نے یوکرین پر ایک رات میں ریکارڈ 479 ڈرون حملے کیے
ماسکو تین سالہ جنگ کو روکنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتا اور امن مذاکرات کے حوالے سے سنجیدہ نہیں ہے، یوکرین
یوکرینی فضائیہ کے مطابق روس نے یوکرین پر ایک شب میں فضائی حملے میں ریکارڈ 479 ڈرون فائر کیے، یہ حملہ ماسکو کی جانب سے جنگ بندی کی اپیلوں کو مسترد کرنے کے بعد تازہ ترین بڑا حملہ ہے۔
حملے کے نتیجے میں یوکرین کے کئی علاقوں میں نقصان ہوا، تاہم پیر کے روز کسی جانی نقصان یا بڑے پیمانے پر ہلاکتوں کی اطلاع نہیں ملی۔
یوکرین کی فضائیہ نے کہا ہے کہ "دشمن کے فضائی حملے 10 مقامات پر ریکارڈ کیے گئے۔"
مغربی شہر ریونے کے میئر، اولیکساندر ٹریٹیاک نے اسے جنگ کے آغاز کے بعد سے علاقے پر "سب سے بڑا حملہ" قرار دیا۔
روس نے حالیہ ہفتوں میں یوکرین پر اپنے حملے تیز کر دیے ہیں، جس کے بارے میں کیف کا کہنا ہے کہ یہ ظاہر کرتا ہے کہ ماسکو تین سالہ جنگ کو روکنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتا اور امن مذاکرات کے حوالے سے سنجیدہ نہیں ہے۔
ان حملوں نے یوکرین کے پہلے سے دباؤ کا شکار فضائی دفاعی نظام کی صلاحیت کے بارے میں خدشات کو بڑھا دیا ہے۔
تاہم، فضائیہ نے کہا کہ اس نے 460 ڈرونز کو مار گرایا یا روک لیا، ساتھ ہی روس کی جانب سے رات بھر داغے گئے 20 میزائلوں میں سے 19 کو بھی تباہ کر دیا۔
یوکرین نے یہ بھی کہا کہ اس نے ایک الیکٹرانکس فیکٹری پر رات کے وقت حملہ کیا جو روسی ڈرونز کے پرزے بناتی ہے، اور مقامی روسی حکام نے کہا کہ حملے کے بعد فیکٹری کو عارضی طور پر پیداوار معطل کرنی پڑی۔
رات کے وقت طیارے نشانہ بنے
دریں اثنا، یوکرینی فوج نے کہا کہ اس نے رات کے وقت روس کے ساواسلیکا ایئر فیلڈ پر دو طیاروں کو نشانہ بنایا۔
"ابتدائی معلومات کے مطابق، دو دشمن طیارے(ممکنہ طور پر MiG-31 اور Su-30/34) نشانہ بنے ہیں۔"