دنیا
3 منٹ پڑھنے
شدید زلزلوں سے وینیزویلا اور جاپان لرز اٹھے
وینزویلا اور جاپان شدید زلزلوں سے لرز اٹھے ہیں جبکہ  وینزویلا میں آنے والے زلزلے کے باعث علاقے میں سونامی کی وارننگ جاری کر دی گئی ہے
شدید زلزلوں سے وینیزویلا اور جاپان لرز اٹھے
زلزلہ / AP

وینزویلا اور جاپان شدید زلزلوں سے لرز اٹھے ہیں جبکہ  وینزویلا میں آنے والے زلزلے کے باعث علاقے میں سونامی کی وارننگ جاری کر دی گئی ہے۔

وینزویلا میں زلزلے کی شدت 7.1 جبکہ جاپان میں 6.9 ریکارڈ کی گئی ہے۔

امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق، وینزویلا میں آنے والا زلزلہ تقریباً 10 کلومیٹر کی گہرائی میں ساحلی علاقے مورون  کے عین مغرب میں آیا۔

شدید جھٹکوں نے دارالحکومت کاراکاس کو بھی بری طرح متاثر کیا، جہاں اونچی عمارتیں ہلنے کے باعث شہریوں نے عمارتوں کو خالی کر دیا۔

امریکی جیولوجیکل سروے نے بتایا کہ بعد میں وینزویلا میں 7 سے زائد شدت کا دوسرا زلزلہ بھی آیا۔

مرکز نے شدت کے اپنے پہلے تخمینے کی تجدید کرتے ہوئے وضاحت کی کہ یہ زلزلہ دراصل دوہرے جھٹکوں کا دوسرا حصہ تھا۔ 7.5 شدت کے مرکزی زلزلے سے 39 سیکنڈ پہلے 7.2 شدت کا ایک پیشگی جھٹکابھی  آیا تھا۔

پیسفک سونامی وارننگ سینٹر نے وینزویلا کے قریبی ساحلوں سمیت  ہمسایہ  جزائر اروبا ، بونائیر اور کیوراساؤ کے لیے سونامی کے خطرے کی وارننگ جاری کی ہے۔

پورٹو ریکو اور امریکی ورجن آئی لینڈز کے لیے سونامی ایڈوائزری نافذ کر دی گئی ہے، اور حکام نے غیر معمولی لہروں کی نگرانی کے لیے ساحلوں پر لہریں ناپنے والے اسٹیشنوں کو مانیٹر کرنا شروع کر دیا ہے۔

سول ڈیفنس کی ٹیموں کو نقصانات کا اندازہ لگانے کے لیے زلزلے کے مرکز کے قریب اور سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں میں روانہ کر دیا گیا ہے۔

امریکی جیولوجیکل سروے نے وارننگ دی ہے کہ وینزویلا میں بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان کا خدشہ ہے۔

دوسری جانب، جاپان میں سونامی کی کوئی وارننگ جاری نہیں کی گئی۔ حکام نے بتایا کہ زلزلے کا مرکز ایواتے صوبے کے ساحل کے قریب تقریباً 50 کلومیٹر کی گہرائی میں تھا، اور سمندر کی سطح میں معمولی تبدیلیوں کے علاوہ سونامی سے کسی نقصان کا کوئی خطرہ نہیں ہے۔

یہ زلزلہ اوموری صوبے میں زلزلہ پیمائش اسکیل کے مطابق  6 Upper کی شدت سے محسوس کیا گیا۔

توہوکو الیکٹرک پاور  نے رپورٹ کیا کہ زلزلے کے بعد اوناگاوا  نیوکلیئر پاور پلانٹ اور فی الحال غیر فعال ہیگاشیڈوری  نیوکلیئر پاور پلانٹ میں کسی قسم کی خرابی یا غیر معمولی صورتحال نہیں دیکھی گئی۔

ایسٹ جاپان ریلوے نے اعلان کیا کہ زلزلے کے بعد توہوکو شِن کانسین ہائی اسپیڈ ٹرینوں سمیت کچھ ٹرین سروسز کو عارضی طور پر روک دیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ جاپان دنیا کے سب سے زیادہ زلزلہ زدہ علاقوں میں سے ایک ہے جہاں زلزلے آنا معمول ہے۔

 دنیا بھر میں آنے والے 6 یا اس سے زائد شدت کے زلزلوں کا تقریباً پانچواں حصہ جاپان میں ہی ریکارڈ کیا جاتا ہے۔

 

دریافت کیجیے