مصر کے وزیر خارجہ بدر عبد العاطی نے کہا ہے کہ قاہرہ، پاکستان کے ساتھ باہمی تعاون کی مضبوطی کے لیے، سال 2026 کے لئے مشترکہ لائحہ عمل تیار کرنا چاہتا ہے۔
مصر وزارت خارجہ کے جاری کردہ بیان کے مطابق اسلام آباد کے سرکاری دورے کے دوران، عبدالعاطی نے صدر عبدالفتاح السیسی کا تحریری پیغام ان کے پاکستانی ہم منصب عاصف زرداری کو پہنچایا ۔ پیغام میں دو طرفہ تعلقات کی مضبوطی پر زور دیا گیا اور کہا گیا ہے کہ قاہرہ ، پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے، سال 2026 کے لئے مشترکہ روڈ میپ تیار کرنے کا خواہش مند ہے۔
ملاقات میں عبدالعاطی نے، غزہ میں، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد نمبر 2803 پر عمل اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے، 10 اکتوبر سے غزّہ میں نافذ، جنگ بندی منصوبے کے دوسرے مرحلے کی طرف بڑھنے کی ضرورت پر بھی زور دیا ہے ۔
انہوں نے کہا ہے کہ جنگ بندی کو برقرار رکھنے کے لیے ایک بین الاقوامی استحکام فورس کو مکمل صلاحیت کے ساتھ کام کرنا چاہیے ۔
ملاقات میں غزہ کی ابتدائی بحالی، تعمیر نو اور ترقی پر بین الاقوامی کانفرنس کی تیاریوں کا بھی جائزہ لیا گیا ہے۔ یہ کانفرنس نومبر میں منعقد ہونا تھی لیکن ابھی تک التوا کا شکار ہے۔
واضح رہے کہ ترکیہ، مصر اور قطر کی ثالثی اور امریکہ کی حمایت یافتہ جنگ بندی معاہدے نے اکتوبر 2023 سے جاری دو سالہ اسرائیلی جارحیت کو روک دیا ہے۔اس نسل کُشی جنگ میں اسرائیل،زیادہ تر عورتوں اور بچوں پر مشتمل، 70,000 سے زائد فلسطینیوں کو قتل اور 170,000 سے زائد کو زخمی کر چُکا ہے۔ جنگ بندی معاہدے کا پہلا مرحلہ فلسطینی قیدیوں کے بدلے اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی پر مشتمل ہے ۔
منصوبے میں غزہ کی تعمیر نو اور ایک ایسا نیا حکومتی نظام قائم کرنے کا تصور بھی شامل ہے جس میں حماس نہ ہو۔














