انگلینڈ میں ہزاروں افراد نے، غزّہ میں ڈھائے گئے مظالم کی وجہ سے اسرائیل کوبین الاقوامی فٹبال سے خارج کرنے اور ایسٹن وِلا بمقابلہ مکابی تل ابیب میچ کو منسوخ کرنے کی اپیل پر مبنی، ایک درخواست پر دستخط کیے ہیں ۔
یہ درخواست برطانیہ میں 'فلسطین یکجہتی مہم' کی جانب سے پیش کی گئی ہے اور اس پر 25,000 افراد نے دستخط کئے ہیں۔ درخواست، یکجہتی پلیٹ فارم کے ڈائریکٹر'لیوس بیکن' نے ویمبلی اسٹیڈیم میں فٹ بال ایسوسی ایشن کو پیش کی ہے۔
بیکن نے ویمبلی اسٹیڈیم کے باہر جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ نسل کشی اور نسلی امتیاز کی ذمہ دار ریاست کی ٹیموں کو بین الاقوامی فٹ بال مقابلوں میں کھیلنے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔
ایسٹن وِلا جمعرات کو اپنے ہوم گراونڈ میں یوئیفا یوروپا لیگ میں مکابی تل ابیب کے مقابل میدان میں اُترے گی۔
ویسٹ مڈلینڈز پولیس نے موجودہ انٹیلی جنس اور ماضی کے واقعات کی بنیاد پر اس میچ کو "سخت خطرہ" قرار دیا ہے۔ پولیس، بلدیہ اور سکیورٹی ماہرین پر مشتمل 'سیفٹی ایڈوائزری گروپ' نے اعلان کیا ہے کہ مہمان ٹیم کے شائقین کو اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔










