امریکہ نے مشرقی بحرالکاہل کے بین الاقوامی پانیوں میں ایک ایسے بحری جہاز پر حملہ کیا ہے جو کہ منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث تھا۔
پینٹاگون کے چیف سیکریٹری پیٹ ہیگسیتھ نے ایکس کے پلیٹ فارم پر کہا کہ آج ، صدر ٹرمپ کی ہدایت پر محکمہ جنگ نے نامزد دہشت گرد تنظیم (ڈی ٹی او) کے ذریعہ چلائے جانے والے جہاز پر حملہ کیا ہے ۔
ہیگسیتھ نے کہا کہ امریکی انٹیلی جنس نےاطلاع دی کہ یہ جہاز "منشیات کی غیر قانونی اسمگلنگ، میں ملوث تھا۔
انہوں نے کہا کہ اس حملے میں کسی بھی امریکی فوج کو نقصان نہیں پہنچا، انہوں نے مزید کہا کہ جہاز میں سوار دو مرد "نارکو دہشت گرد" مارے گئے۔
انہوں نے کہا کہ ہم امریکہ کو منشیات کی اسمگلنگ کے ارادے میں ملوث ہر جہاز کو ڈھونڈیں گے اور اسے ختم کردیں گے، وطن کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے، کسی بھی کارٹیل دہشت گرد کو امریکی فوج کے خلاف کوئی موقع نہیں ملے گا۔"
منگل کو ہونے والا حملہ خطے میں منشیات کی اسمگلنگ کے مشتبہ جہازوں کو نشانہ بنانے کے لیے امریکی کارروائیوں کے سلسلے کا تازہ ترین حملہ ہے۔
امریکہ میں منشیات کی اسمگلنگ کو روکنے کے لیے صدر ٹرمپ کی مہم کے ایک حصے کے طور پر واشنگٹن نے ستمبر سے کیریبین اور مشرقی بحرالکاہل میں اسی طرح کے ایک درجن سے زائد حملے کیے ہیں۔










