ہفتے کے روز میکسیکو کی ایک سپرمارکیٹ میں دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 23 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
دھماکہ شمال مغربی صوبے 'سونورا 'کے شہر' ہرموسیلو' میں واقع والڈو مارکیٹ میں آگ لگنے کے بعد ہوا۔
اگرچہ سرکاری اعداد و شمار ابھی جاری نہیں کیے گئے لیکن ذرائع ابلاغ نے ابتدائی طور پر کم از کم 23 افراد کی ہلاکت اور 10 سے زائد کے زخمی ہونے کی اطلاع دی ہے۔
آگ پر قابو پا لیا گیا ہے اور دھماکے کی وجہ جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
روزنامہ لا جورناڈا کے مطابق گیس کے اخراج یا ایندھن کے جمع ہونے کو ممکنہ وجوہات میں شامل کیا جا رہا ہے۔
سونورا کے صوبائی محکمہ عوامی سلامتی نے "کسی حملے یا شہریوں کے خلاف کسی پرتشدد کارروائی سے متعلق واقعے" کے امکان کو مسترد کر دیا ہے۔
صدر کلاؤڈیا شینباؤ نے متاثرین سے اظہارِ تعزیت کیا اور کہا ہے کہ " میں نے ،بقدرِ ضرورت امداد کی فراہمی کے لئے ، سونورا کے گورنر الفونسو دورازو سے رابطہ کیا ہے ۔علاوہ ازیں وزیر داخلہ روزا آئسیلا روڈریگز کو بھی، متاثرہ خاندانوں اور زخمیوں کی مدد کے لئے ایک امدادی ٹیم علاقے میں بھیجنے کی، ہدایات جاری کر دی ہیں"۔










