عالمی طبی امدادی تنظیم ڈاکٹرز وداؤٹ بارڈرزنے بتایا ہے کہ محصور غزہ میں اس کے ایک کلینک پر اسرائیلی حملے میں اس کے دو ساتھی، جو سیکیورٹی گارڈ زتھے، اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
جمعے کے روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری کردہ بیان میں تنظیم نے کہا کہ وہ ان ہلاکتوں پر شدید صدمے اور غم و غصے کا شکار ہے اور اس واقعے کو ایم ایس ایف پر براہِ راست حملہ قرار دیتی ہے۔ تنظیم کے مطابق غزہ میں اب تک اس کے 17 ساتھی ہلاک ہو چکے ہیں۔
تنظیم کا کہنا ہے کہ اس کے صحت مراکز اس کے لوگو کی وجہ سے واضح طور پر پہچانے جا سکتے ہیں، اور ان کے محلِ وقوع کے نقاط اسرائیلی فوج کے ساتھ شیئر کیے گئے تھے، جسے ان کا علم تھا۔
تنظیم نے کہا، "ہم اپنے ساتھیوں کے اہلِ خانہ اور عزیزوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ہم جواب دہی کا مطالبہ کرتے ہیں۔"
عالمی ادارۂ صحت (WHO) کے ڈائریکٹر جنرل تیدروس ادہانوم گیبریئس نے اس حملے کو "ناقابلِ قبول اور انتہائی افسوسناک" قرار دیا۔ انہوں نے ڈبلیو ایچ او کی جانب سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے زور دیا کہ "جو لوگ دوسروں کی جان بچانے کے لیے اپنی جان خطرے میں ڈالتے ہیں، انہیں تحفظ ملنا چاہیے، نشانہ نہیں بنایا جانا چاہیے۔"
ایکس پر اپنے پیغام میں انہوں نے مزید کہا، "یہ حملے لازماً بند ہونے چاہییں۔"
جنگ بندی کی خلاف ورزیاں
اکتوبر 2025 میں طے پانے والے جنگ بندی کے معاہدے کے باوجود اسرائیل کی جانب سے خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری ہے، جن میں اب تک 1,705 فلسطینی ہلاک اور 6,163 زخمی ہو چکے ہیں۔
اکتوبر 2023 سے اسرائیل غزہ میں نسل کشی کی کارروائیاں کر رہا ہے، جن میں 74 ہزار سے زائد فلسطینی ہلاک اور 176 ہزار سے زیادہ زخمی ہو چکے ہیں۔ ان میں اکثریت خواتین اور بچوں کی ہے۔ اس دوران علاقے کے تقریباً 90 فیصد بنیادی ڈھانچے کو تباہ کیا جا چکا ہے۔
تجزیہ کاروں کے اندازے کے مطابق غزہ میں اسرائیلی نسل کشی کے نتیجے میں ہلاکتوں کی اصل تعداد 2 لاکھ تک پہنچ سکتی ہے، جبکہ علاقے کا 60 سے 70 فیصد حصہ اسرائیلی قبضے میں ہے۔













