بنگلہ دیش حکومت نے، کئی ہفتوں سے جاری احتجاجی مظاہروں، فیکٹریوں کی بندش اور پیداواری کاموں میں تعطل کے بعد تیار ملبوسات کی صنعت کے ملازمین کی کم از کم ماہانہ اجرت کو 36 فیصداضافے کے ساتھ 12 ہزار 500 ٹکا (100 ڈالر) سے بڑھا کر 17 ہزار ٹکا (136 ڈالر) کر دیا ہے۔
مزدور،مسلسل مہنگے ہوتے مصارفِ زندگی کے باعث، کئی روز سے بہتر اجرت کے مطالبے کے ساتھ سڑکوں پر احتجاج کر رہے تھے۔ احتجاج کے دوران مزدوروں کی پولیس کے ساتھ جھڑپیں ہوئیں اور بعض فیکٹریوں پر حملے بھی کیے گئے۔
یہ اضافہ 1986 میں ملبوسات کی صنعت کے لیے پہلی مرتبہ کم از کم اجرت مقرر کیے جانے کے بعد سے اب تک کا کم ترین شرح کا اضافہ ہے۔ اس سے قبل 2023 میں اجرتوں میں 56 فیصد، 2018 میں 51 فیصد اور 2013 میں 77 فیصد اضافہ کیا گیا تھا۔
ملبوسات کی صنعت بنگلہ دیش کے لیے زرمبادلہ کمانے کا سب سے بڑا ذریعہ ہے۔ اس کی زیادہ تر مصنوعات امریکہ اور یورپ سمیت عالمی منڈیوں میں برآمد کی جاتی ہیں۔ یہ شعبہ ملک کی مجموعی برآمدات کا تقریباً 80 فیصد ہے اور براہِ راست تقریباً 40 لاکھ افراد کو روزگار فراہم کرتا ہے۔
حکومت کے قائم کردہ اجرت بورڈ نے بدھ کے روز علی الصبح، مزدوروں اور آجرین کے نمائندوں کے درمیان تقریباً 12 گھنٹے طویل مذاکرات کے بعد، اجرتوں کے نئے ڈھانچے کی منظوری دے دی ہے۔
چھ رکنی بورڈ میں مزدوروں اور آجروں کے دو، دو نمائندے شامل تھے۔ بورڈ نے چار کے مقابلے میں دو ووٹوں سے 17 ہزار ٹکا ماہانہ کم از کم اجرت مقرر کرنے کی منظوری دی ہے۔ بورڈ کے دیگر دو ارکان نے مزدوروں کے اس مطالبے کی حمایت کی کہ ماہانہ کم از کم اجرت 18 ہزار ٹکا (144 ڈالر) مقرر کی جائے۔
اجرت بورڈ نے ملازمین کے دیگر گروہوں کی ماہانہ تنخواہوں پر بھی نظرثانی کی۔
حکومت کے مقرر کردہ اجرت بورڈ کا یہ فیصلہ بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب تقریباً دو بجے مزدوروں اور آجروں کے نمائندوں کے درمیان تقریباً 12 گھنٹے تک جاری رہنے والے مذاکرات کے بعد کیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق، بدھ کے روز دارالحکومت ڈھاکا کے نواح میں واقع اور تیار ملبوسات کی صنعت کے اہم مرکز 'غازی پور' میں مزدوروں نے ایک شاہراہ بند کر دی۔ اس کے بعد پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس اور صوتی بموں کا استعمال کیا۔













