اسرائیل نے اعلان کیا ہے کہ وہ ان فلسطینیوں کو واپس غزہ جانے کی اجازت دے گا ۔
اسرائیلی ذرائع ابلاغ کی خبر کے مطابق مصر ی فریق کے ساتھ ایک میکانزم کی تشکیل کے بعد غزّہ سے باہر محصور فلسطینیوں کو تباہ شدہ رفح کراسنگ کے ذریعے غزّہ میں داخلے کی اجازت دے دی جائے گی۔ یہ اجازت 7 اکتوبر 2023 کے بعد پہلی بار دی جا رہی ہے ۔
اسرائیلی آرمی ریڈیو کے مطابق "7 اکتوبر 2023 کے بعد پہلی بار، غزہ کے وہ رہائشی جو مصر کے راستے انخلاء کر چکے ہیں، انہیں غزہ واپس جانے کی اجازت دی جائے گی تاہم غزہ کے رہائشیوں کی واپسی صرف اس وقت شروع ہوگی جب مصری حکام کے ساتھ ایک طریقہ کار طے پا جائے گا، اور اس کے بعد معیار، کام کا دائرہ، اور پورے عمل کا تعین کیا جائے گا۔"
ریڈیو اسٹیشن کے مطابق، معاہدے کے تحت روزانہ 600 امدادی ٹرک اقوام متحدہ، تسلیم شدہ بین الاقوامی تنظیموں، اور نجی شعبے کے ذریعے غزہ میں داخل ہوں گے۔
یہ ٹرک خوراک، طبی سامان، پناہ گاہ کے مواد، ایندھن، اور کھانا پکانے کے لئے گیس فراہم کریں گے۔
معاہدے میں یہ بھی شامل ہے کہ قافلوں کو جنوبی غزہ سے شمالی غزہ تک دو اہم راستوں: صلاح الدین روڈ (مشرق میں) اور الرشید روڈ (مغرب میں) کے ذریعے آزادانہ سفر کی اجازت ہوگی۔
اسرائیل نے کہا کہ جنگ بندی کا معاہدہ جمعہ کو دوپہر 12 بجے نافذ ہوا، اور اس کی فوج یلو لائن تک پیچھے ہٹ گئی ہے۔