چین عالمی سفارتی کاری میں اپنی بڑھتی ہوئی موجودگی کی بنیاد پر جنوبی ایشیاء کے دو ممالک کمبوڈیا اور تھائی لینڈ کے درمیان ثالث کا کردار ادا کر رہا ہے اور اس سلسلے میں دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ نے پیر کو اپنے چینی ہم منصب کے ساتھ ملاقات کی ہے۔
یہ سہ فریقی اجلاس متنازع سرحد کے شمال میں اور چین کے جنوب مغربی صوبے میں طے پایا ہے۔ یہ ملاقات ، تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان، ہفتوں پر محیط اور 100 سے زائد افراد کی ہلاکت کا سبب بننے والی جنگ کے خاتمے کے لئے طے پانے والے، معاہدے پر دستخط سے دو دن بعد کی گئی ہے۔
ملاقات میں چین کے وزیر خارجہ وانگ یی نے علاقائی امن، استحکام اور ترقی کو فروغ دینے کے لیے مشترکہ کوششوں کا مطالبہ کیا اور کہا ہے کہ "نہ تو تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے عوام دوبارہ جنگ چاہتے ہیں اور نہ ہی بحیثیت دوست ملک کے چین اس کا خواہش مند ہے۔ لہٰذا ہمیں پختگی سے مستقبل کی جانب دیکھنا اور آگے بڑھنا چاہیے"۔
کمبوڈیا کے وزیر خارجہ پراک سوکون نے بھی امن کی امید ظاہر کی اور کہا ہے کہ وہ یقین رکھتے ہیں کہ تازہ جنگ بندی پائیدار رہے گی اور دونوں ممالک کو اپنے تعلقات پر کام کرنے کا اور اختلافات حل کرنے کے پہلے سے طے شدہ طریقوں کو بحال کرنے کا ماحول فراہم کرے گی۔
تھائی وزیر خارجہ سیہاسک فونگ کٹکیو نے بھی پڑوسی ممالک کے ساتھ امن کی امید ظاہر کی۔











