رائے
غّزہ جنگ
9 منٹ پڑھنے
کیا 'آئی سی جے' کا میانمار فیصلہ اسرائیل کے لئے مثال تشکیل دیتا ہے؟
کیا 'آئی سی جے' کا میانمار کے خلاف، "نسل کُشی کے ارتکاب" کا، فیصلہ اسرائیل کے لئے مثال تشکیل دیتا ہے؟
کیا 'آئی سی جے' کا میانمار فیصلہ اسرائیل کے لئے مثال تشکیل دیتا ہے؟
The Great Hall of Justice, the courtroom of the ICJ, at the Peace Palace in The Hague / Reuters (Wire)
 

اقوام متحدہ کی ریاستوں کے درمیان قانونی تنازعات کو بین الاقوامی قانون کے تحت حل کرنے والے اہم ترین عدالتی ادارے، عالمی عدالتِ انصاف 'ICJ' نے 19 نومبر کو اپنے فیصلے میں میانمار  کو، 2017 میں صوبہ راخائن میں روہنگیا مسلمانوں کے خلاف، نسل کشی کا مرتکب قرار دیا ہے۔

بدھ اکثریتی آبادی والے ملک 'میانمار' میں روہنگیا مسلمان صدیوں سے آباد ہیں۔ یہ ایک نسلی اقلیت ہے جو کئی دہائیوں سے تشدد اور ظلم و ستم کا سامنا کر رہی ہے۔

تاہم، اگست 2017 میں تشدد کی ایک شدید لہر نے تباہ کن صورت اختیار کر لی۔ اس دوران پورے کے پورے دیہات صفحۂ ہستی سے مٹا دیے گئے اور ہزاروں خاندانوں کو قتل کر دیا گیا۔ ان واقعات کے نتیجے میں 7 لاکھ 50 ہزار سے زائد افراد کو جان بچانے کے لیے بنگلہ دیش میں پناہ لینا پڑی۔

کئی سال تک جاری رہنے والے جائزے اور سماعتوں کے بعد عالمی عدالتِ انصاف نے اپنے فیصلے میں قرار دیا ہے کہ میانمار نے دانستہ طور پر ایسے اقدامات کیے جو 1948 کے نسل کشی کنونشن کے آرٹیکل 2 کے تحت واضح طور پر ممنوع ہیں۔

عدالت کے ججوں نے کہا ہے کہ میانمار کی فوج نے روہنگیا برادری کے تقریباً 10 ہزار افراد کو قتل کیا، بڑے پیمانے پر جنسی تشدد کا ارتکاب کیا، بچوں پر انتہائی سفاکانہ تشدد کیا اور فرار ہونے کی کوشش کرنے والے شہریوں کو بھی نشانہ بنایا۔

یہ فیصلہ عالمی عدالتِ انصاف کی تاریخ میں اپنی نوعیت کا پہلا فیصلہ ہے، جس میں کسی ملک کو نسل کشی کا ذمہ دار قرار دیا گیا ہے۔ ماضی میں نسل کشی کے مقدمات میں ریاستوں کے بجائے انفرادی افراد کو قانونی طور پر ذمہ دار ٹھہرایا جاتا رہا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی عدالتِ انصاف کا یہ فیصلہ جنوبی افریقہ کی جانب سے اسرائیل کے خلاف دائر کئے گئے اور تاحال زیرِ سماعت مقدمے پر براہِ راست اثر انداز ہو سکتا ہے۔ اس مقدمے میں اسرائیل پر الزام ہے کہ اس نے 7 اکتوبر 2023 کے بعد محاصرے میں گھِرے فلسطینی علاقے میں 1948 کے نسل کشی کنونشن کی خلاف ورزی کی ہے۔

اسرائیل کے خلاف دائر اس مقدمے کی کارروائی مزید کم از کم چار سال تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

اس کے علاوہ، میانمار کے بارے میں عالمی عدالتِ انصاف کا فیصلہ اس حوالے سے بھی اہم قرار دیا جا رہا ہے کہ اس نے نسل کشی کے کسی بھی الزام میں سب سے مشکل قانونی پہلو کی وضاحت کی ہے۔ یعنی کسی محفوظ گروہ کو مکمل یا جزوی طور پر ختم کرنے کی مخصوص نیت کا تعین کس طرح کیا جائے۔

استنبول کی کوچ یونیورسٹی میں بین الاقوامی قانون کے شعبے سے وابستہ ماہرِ قانون ناصر قادری نے TRT ورلڈ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس فیصلے کی قانونی اہمیت اس بات میں نہیں کہ عدالت نے ثبوت کا معیار کس طرح متعین کیا بلکہ اس بات میں ہے کہ اس معیار پر پورا اترنے کے لیے کن شواہد کو کافی سمجھا گیا۔

قادری کے مطابق عدالت نے فوجداری عدالتوں کے فیصلوں کے بجائے اقوام متحدہ کے مبنی بر حقائق جائزوں اور تحقیقاتی رپورٹوں کو بنیاد بنایا ہے۔ ان شواہد کی روشنی میں عدالت نے تشدد کے لیے پیش کی جانے والی متبادل توجیہات، مثلاً بغاوت کو کچلنے، جبری بے دخلی اور اجتماعی سزا دینے کے، دعووں کو مسترد کر دیا ہے۔

ان کے مطابق یہ متبادل توجیہات تشدد کے ’’انداز، پیمانے اور نشانہ بننے والے افراد کی نوعیت‘‘ سے مطابقت نہیں رکھتی تھیں۔

ناصر قادری نے اس بات پر زور دیا ہے کہ عدالت کا یہ طرزِ عمل غزہ کے معاملے سے بھی براہِ راست تعلق رکھتا ہے۔

جنوبی افریقہ نے اسرائیل کے خلاف عالمی عدالتِ انصاف میں جو درخواست دائر کی ہے، اس کی قانونی بنیاد وہی ہے جو گیمبیا نے میانمار کے خلاف مقدمہ دائر کرتے وقت اختیار کی تھی۔

قادری کے مطابق عالمی عدالتِ انصاف کے سامنے موجود شواہد میں جنوری 2024 کے عبوری اقدامات کے فیصلے کے بعد اقوام متحدہ کی جانب سے سامنے آنے والی تحقیقات اور دیگر آزاد اداروں کی رپورٹیں بھی شامل ہیں۔ اُس وقت عدالت نے نسل کشی کے خطرے کو ’’معقول بنیادوں پر موجود‘‘ قرار دیا تھا۔

ان کا کہنا ہے کہ یہ شواہد اسی نوعیت کے ہیں جنہیں میانمار مقدمے میں عدالت کی اکثریت نے، چھ کے مقابلے میں نو ووٹوں سے، کافی قرار دیا تھا۔

ناصر قادری کے مطابق اسرائیل کی جانب سے پیش کی جانے والی بنیادی متبادل توجیہہ یہ ہو سکتی ہے کہ اکتوبر 2023 کے حملوں کے جواب میں اس کی فوجی کاروائیاں جائز تھیں۔ تاہم، یہ بھی اسی نوعیت کی توجیہہ ہے جس کا عدالت پہلے جائزہ لے کر اسے مسترد کر چکی ہے کیونکہ زمینی حقائق خود اس سے بالکل مختلف صورتِ حال کی نشاندہی کرتے ہیں۔

نسل کشی کی نیت کو بنیادی اہمیت حاصل ہے

کتاب ’’میانمار کے روہنگیا مسلمانوں کی سست رفتار نسل کشی‘‘کے شریک مصنف مونگ زرنی نے TRT ورلڈ سے گفتگو میں کہا ہے کہ کئی دہائیوں تک عالمی عدالتِ انصاف نسل کشی کے جرم کے تعین کے لیے یہ شرط عائد کرتی رہی کہ نسل کشی کی نیت ہی کسی کارروائی کا ’’واحد یا سب سے اہم مقصد‘‘ ہو۔

زرنی کے مطابق کسی علاقے کو نسلی طور پر پاک کرنے یا فوجی آپریشن کرنے جیسے دیگر مقاصد کو بنیاد بنا کر نسل کشی کے فیصلے تک پہنچنے سے گریز کیا جاتا رہا۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ ’’عدالت نے اس غیر حقیقی منطق کو یکسر مسترد کر دیا ہے۔ اس کے بجائے اس نے ایک ایسا جامع نقطۂ نظر اختیار کیا ہے جس میں مختلف محرکات کا مجموعی جائزہ لیا جاتا ہے اور نسل کشی کی نیت کو بنیادی عنصر کی حیثیت حاصل ہوتی ہے۔‘‘

زرنی کا کہنا ہے کہ انسانی اقدامات کے پیچھے تقریباً ہمیشہ ایک سے زیادہ محرکات کارفرما ہوتے ہیں اور عدالت کا یہ نیا نقطۂ نظر انسانی رویوں کی حقیقی نوعیت سے کہیں زیادہ مطابقت رکھتا ہے۔

اس سوال پر کہ آیا عالمی عدالتِ انصاف غزہ مقدمے میں بھی یہی قانونی اصول اپنائے گی، مصنف کا کہنا ہے کہ اسرائیل کے خلاف مقدمہ ’’کہیں زیادہ مضبوط‘‘ ہے کیونکہ تل ابیب نے نہ صرف نسل کشی کے احکامات جاری کیے بلکہ خود اس جرم کا ارتکاب بھی کیا۔

زرنی نے مزید کہا ہے کہ عالمی عدالتِ انصاف نے ججوں پر دباؤ کے باوجود یہ فیصلہ سنایا جو اس کے ادارہ جاتی خودمختاری اور آزادی کا ثبوت ہے۔

ناصر قادری کا کہنا ہے کہ سربیا کے خلاف ماضی کے مقدمات میں عدالت نے یوگوسلاویہ کے لیے قائم کیے گئے ٹریبونل کی جانب سے سنائی گئی سابقہ سزاؤں کو بنیاد بنایا تھا۔ تاہم، اس مرتبہ عدالت نے نسل کشی کی نیت کا تعین صرف اقوام متحدہ کی رپورٹوں کی بنیاد پر کیا ہے۔

قادری کے مطابق عدالت نے کسی گروہ کے ’’ایک اہم حصے‘‘ کو تباہ کرنے کے مفہوم کا دائرہ بھی وسیع کیا ہے۔ اب اس میں صرف قتل و غارت گری ہی نہیں بلکہ ایسے تمام اقدامات بھی شامل ہیں جو کسی گروہ کے وجود اور اس کی اجتماعی طور پر کام کرنے کی صلاحیت کو شدید نقصان پہنچاتے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ ان دونوں اقدامات نے ان عملی رکاوٹوں کو دور کر دیا ہے جن کی وجہ سے ماضی میں کسی ریاست کو نسل کشی کا ذمہ دار قرار دینا تقریباً ناممکن ہو جاتا تھا۔

فیصلے پر عمل درآمد کا معاملہ

جہاں تک عالمی عدالتِ انصاف کے فیصلے پر عمل درآمد کا تعلق ہے ماہرین اس حوالے سے محتاط مؤقف اختیار کر رہے ہیں۔

ناصر قادری کا کہنا ہے کہ اس بات میں بہت کم شبہ ہے کہ عالمی عدالتِ انصاف کا فیصلہ ’’حتمی اور پابند‘‘ ہے۔ تاہم، اس عدالت کے پاس نہ اپنی فوج ہے اور نہ ہی پولیس فورس، جس کے باعث وہ آزادانہ طور پر اپنے فیصلوں پر عمل درآمد کرانے کی صلاحیت نہیں رکھتی۔

مقدمے کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں بھیجا جا سکتا ہے، جہاں ویٹو کے استعمال کی صورت میں اس پر عمل درآمد رک سکتا ہے۔

قادری کے مطابق ازالے، ہرجانے، قانونی کارروائی کرنے کی ذمہ داری اور مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کی ضمانت جیسے قانونی اقدامات متعلقہ ریاستوں پر پابندیاں عائد کرتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ دو سالہ رپورٹنگ کی مدت اس فیصلے پر عمل درآمد کی نگرانی کا بنیادی طریقۂ کار ہے۔

تاہم، ان کے مطابق اصل تبدیلی تیسرے ممالک کے رویے میں آئے گی۔ جب نسل کشی کے حوالے سے ایک پابند قانونی فیصلہ سامنے آ جائے تو جرم کے مرتکب افراد کو اسلحہ فراہم کرنے یا انہیں تحفظ دینے والے ممالک کے لیے صورتِ حال کو قانونی حیثیت نہ دینے کی ذمہ داری مزید واضح ہو جاتی ہے۔

مونگ زرنی کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی ساخت ہی ایسی ہے کہ وہ اس نوعیت کے فیصلوں پر مؤثر عمل درآمد نہیں کرا سکتی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ میانمار نے فیصلے کے خلاف اپنی داخلی رائے عامہ کو متحرک کرنا شروع کر دیا ہے۔ ان کے مطابق یہ صورتِ حال بلقان کے خطے سے متعلق ماضی کے مقدمات کی یاد دلاتی ہے۔

زرنی کے مطابق یہ فیصلہ ریاستی ذمہ داری اور انفرادی فوجداری ذمہ داری کے درمیان تعلق کو مزید مضبوط بناتا ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ ’’اگرچہ عالمی عدالتِ انصاف ریاستوں کے معاملات سے متعلق فیصلے کرتی ہے لیکن اعلیٰ سطح کی ذمہ داری کے حوالے سے اس کی قانونی توجیہہ نے ایک نئی راہ کھول دی ہے۔ اس کے ذریعے ، نسل کشی کے الزامات کا سامنا کرنے والے افراد کی تحقیقات کرنے اور ان کے خلاف مقدمات چلانے والی ایک مستقل عالمی عدالت 'بین الاقوامی فوجداری عدالت' مداخلت کر سکتی ہے اور ’عالمی عدالتِ انصاف کے چھوڑے ہوئے مقام سے‘ اپنی کارروائی آگے بڑھا سکتی ہے۔‘‘

دریافت کیجیے
امریکہ، تجارتی جہازوں پر سائبر حملوں میں ایرانی کردار کی، چھان بین کر رہا ہے
شیخ حسینہ 16 دسمبر کو بنگلہ دیش واپسی کی امید میں
پاکستانی خلاباز مدار میں جانے کو تیار،روانگی کل ہوگی
جنوبی کوریا: روسی طیاروں نے "فضائی دفاعی شناختی زون" میں دخل اندازی کی ہے۔
سلامتی کونسل کا اجلاس،روس اور یوکرین کے ایکدوسرے پر الزامات
یورپی یونین میں شامل ہونا فی الوقت ممکن نہیں:برنہم
ترکیہ کا 'مؤثر نظام' بحیرہ اسود میں جہاز رانی اور خوراک کی فراہمی کو محفوظ بناتا ہے:ترک مندوب
ترکیہ: قزل ایلما، جیٹ موٹر طیارے کو نشانہ بنانے والا، پہلا جنگی ڈرون
غزہ کی وزارتِ صحت: "غزہ میں 2025 میں ہلاکتوں کی تعداد 2022 کے مقابلے میں 4 گنا سے بھی زیادہ ہے"
امریکی بندرگاہیں سائبر حملوں کی زد میں
برلن: ہسپتال میں آگ لگ گئی، 15 افراد زخمی
بعض ممالک نے ضروری لچک اور عزم کا مظاہرہ نہیں کیا: کوروم
ان کا ذہنی توازن ٹھیک نہیں ہے: لاوروف
ترکیہ کی قومی جوڈو ٹیم نے دو طلائی تمغے جیت لئے
آبنائے ہرمز میں جنگ کے ماحولیاتی اثرات نسلوں تک برقرار رہیں گے: پگ