نئے امریکی محصولات کا نشانہ بننے والے ممالک نے حد سے زیادہ پیداوار کا دعوی مسترد کر دیا ہے۔
امریکہ کے مجوزہ نئے کسٹم محصولات کا نشانہ بننے والے ممالک نے واشنگٹن کے اس دعوے کو مسترد کر دیا ہے کہ ان کے صنعتی شعبوں میں پیداواری صلاحیت ضرورت سے زیادہ ہے۔ ان ممالک نے خبردار کیا ہے کہ یہ اقدامات تجارت اور برآمدات پر منفی اثرات مرتب کر سکتے ہیں۔
امریکہ نے ضرورت سے زیادہ پیداوار کے الزامات سے متعلق کئی ماہ تک جاری رہنے والی تحقیقات کے بعد بدھ کے روز دنیا کی 14 معیشتوں پر نئے کسٹم محصولات عائد کرنے کی تجاویز کا اعلان کیا ہے۔
مجوزہ محصولات کی شرح چین اور ویتنام کے لیے 20 فیصد، بنگلہ دیش، کمبوڈیا اور انڈونیشیا کے لیے 18 فیصد اور بھارت کے لیے 17 فیصد تک ہے۔
ان اقدامات کا ہدف جاپان، سنگاپور اور یورپی یونین بھی ہیں۔
چین
چین نے جمعرات کے روز خبردار کیا ہے کہ وہ امریکی محصولات کے جواب میں ’’ضروری اقدامات‘‘ کر سکتا ہے۔ اس پیش رفت سے امریکہ اور چین کے درمیان تجارتی جنگ میں پہلے سے موجود نازک جنگ بندی بھی خطرے میں پڑ سکتی ہے۔
چین وزارتِ تجارت کے ترجمان 'ہی یادونگ' نے کہا ہے کہ ’’چین صورتِ حال پر گہری نظر رکھے گا۔ہمارا، اپنے جائز حقوق اور مفادات کے تحفظ کے لیے، ضروری اقدامات کرنے کا حق بدستور محفوظ ہے۔‘‘
بھارت
بھارت نے امریکی الزامات مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ وزارتِ تجارت نے خود اس بات کو تسلیم کیا ہے کہ بھارت کے کسی بھی صنعتی شعبے میں ضرورت سے زیادہ پیداواری صلاحیت موجود نہیں ہے۔
بھارت کا کہنا ہے کہ اس تنازعے کو واشنگٹن کے ساتھ دوطرفہ تجارتی معاہدے کے لیے جاری مذاکرات کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے۔
یورپی یونین
یورپی یونین نے کہا ہے کہ وہ خود بھی عالمی سطح پر ضرورت سے زیادہ پیداواری صلاحیت کے منفی اثرات کا سامنا کر رہی ہے۔ اس نے امریکی محصولات کی تجویز کی بنیادی منطق کو مسترد کر دیا ہے۔
بنگلہ دیش
بنگلہ دیش نے خبردار کیا ہے کہ امریکہ کی جانب سے زیادہ شرح کے محصولات اس کی 'تیار ملبوسات کی صنعت' کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔ واضح رہے کہ تیار ملبوسات کی صنعت ملک کی برآمدی آمدنی کا ایک اہم ذریعہ ہے۔
سنگاپور
سنگاپور نے بھی امریکی محصولات کی تجاویز پر ’’شدید مایوسی‘‘ کا اظہار کیا اور واشنگٹن کی جانب سے پیش کی گئی توجیہہ کو مسترد کر دیا ہے۔
جاپان
جاپان نے بھی امریکی الزامات کو مسترد کیا اور واضح کیا ہے کہ اس کے ہاں ساختی طور پر ضرورت سے زیادہ پیداواری صلاحیت موجود نہیں ہے۔












