امریکی جیوری نے چینی ٹیلی کام کمپنی ہواوے کو تجارتی راز چرانے اور بینک فراڈ کرنے کا مجرم قرار دے دیا ہے جبکہ محکمہ انصاف کے مطابق کمپنی کو منظم جرائم کے سنگین الزامات سے بری کر دیا گیا ہے۔
یہ تاریخی فیصلہ نیویارک کی ایک وفاقی عدالت میں تین ماہ تک چلنے والے ٹرائل کے بعد سامنے آیا، جہاں جیوری نے دنیا کے سب سے بڑے ٹیلی کمیونیکیشن آلات بنانے والے ادارے کو 12 میں سے 10 فوجداری الزامات میں قصوروار پایا، جن میں تجارتی راز چرانے کی سازش، بینک فراڈ، اور امریکہ کے ساتھ دھوکہ دہی کی سازش شامل ہیں۔
دوسری جانب ،کمپنی کو انصاف کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے کے الزامات سے بری کر دیا گیا۔
امریکی اٹارنی جنرل ٹوڈ بلانچ نے ایک سرکاری بیان میں کہا کہ کوئی بھی شخص یا کمپنی قانون سے بالاتر نہیں ہے ،کئی دہائیوں تک ہواوے اور اس کی تین ذیلی کمپنیوں نے امریکہ میں جھوٹ اور چوری کی بنیاد پر اپنا کاروبار چلایا۔
استغاثہ نے ثابت کیا کہ ہواوے نے امریکی ٹیلی کام کمپنیوں سے باقاعدہ طور پر ملازمین کو بھرتی کیا تاکہ غیر قانونی طور پر مالکانہ تکنیکی ڈیٹا حاصل کیا جا سکے۔
اس چوری شدہ دانشورانہ ملکیت نے چینی فرم کو کم مارکیٹ قیمتوں پر مسابقتی مصنوعات تیار کرنے کے قابل بنایا۔
محکمہ انصاف نے ایک پریس ریلیز میں تصدیق کی کہ "چوری کی گئی دانشورانہ ملکیت میں تجارتی راز کی معلومات اور کاپی رائٹ شدہ مواد شامل تھا، جیسے کہ انٹرنیٹ راؤٹرز کے لیے سورس کوڈ اور یوزر مینوئل، اینٹینا ٹیکنالوجی، اور روبوٹ ٹیسٹنگ ٹیکنالوجی۔"
وفاقی استغاثہ نے ایسے شواہد پیش کیے جن سے ظاہر ہوتا ہے کہ ہواوے ایک اندرونی پروگرام چلا رہی تھی جس کے تحت حریفوں کے راز حاصل کرنے والے عملے کو نقد انعامات دیے جاتے تھے۔
اسسٹنٹ اٹارنی جنرل ٹائسن اے ڈووا نے اصرار کیا کہ یہ فیصلہ ایک واضح پیغام دیتا ہے کہ امریکہ اپنے کاروبار کا دفاع کرے گا، اپنے ملازمین کا تحفظ کرے گا، اور ان کرپٹ غیر ملکی کارپوریشنز کے خلاف اپنی قومی سلامتی کو محفوظ بنائے گا جو آگے بڑھنے کے لیے جھوٹ، دھوکہ دہی اور چوری کا سہارا لیتی ہیں۔"
ہواوے طویل عرصے سے ٹرمپ انتظامیہ کے نشانے پر رہی ہے کیونکہ یہ خدشات موجود تھے کہ اس کے آلات چینی حکومت کی جانب سے جاسوسی میں معاون ثابت ہو سکتے ہیں۔
واشنگٹن نے مستقل طور پر اپنے بین الاقوامی اتحادیوں پر زور دیا ہے کہ وہ شدید قومی سلامتی کے خطرات کا حوالہ دیتے ہوئے ہواوے کے ہارڈ ویئر کو قومی 5 جی نیٹ ورک کی تنصیبات سے باہر رکھیں۔














